گوجرانوالہ میں ولیمے سے گھر جانے والی دلہن قتل

ملزم سرفراز مقتولہ سے شادی کرنا چاہتا تھا- سی ٹی ڈی تھانے میں مقدمہ درج

October 25, 2026 · قومی
گوجرانوالہ میں ولیمے سے گھر جانے والی دلہن قتل

گوجرانوالہ میں ولیمے سے گھر جانے والی دلہن قتل

گوجرانوالہ میں ولیمے کی تقریب سے واپس گھر جاتے ہوئے دلہن صبا کو نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق قتل کا یہ واقعہ سمن آباد چونگی کے قریب پیش آیا، جہاں موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان نے دلہا سفیان کی گاڑی کو روکا۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق نامزد ملزم سرفراز اور اس کے نامعلوم ساتھیوں نے دلہن صبا پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں اسے سینے اور پیٹ میں گولیاں لگیں۔ زخمی دلہن کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکی۔

ایف آئی آر کے مطابق ملزم سرفراز مقتولہ صبا سے شادی کرنا چاہتا تھا، جس کی رنجش میں اس نے یہ سنگین جرم کیا۔ دلہن کے قتل کے باعث خوشیوں بھرے گھر میں صف ماتم بچھ گئی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ سی سی ڈی میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

دوسری جانب کراچی کے علاقے ناظم آباد نمبر 2 میں پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے شوریم نامی نوجوان زخمی ہو گیا۔ زخمی نوجوان، اس کے کزن محمد طیب اور والدہ کے بیانات کے مطابق پولیس اہلکاروں نے شوریم کو مبینہ طور پر ڈاکو سمجھ کر فائرنگ کی۔ بیانات کے مطابق پیٹھ میں گولی لگنے سے زخمی ہونے کے بعد پولیس اہلکار اسے اسپتال چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ زخمی نوجوان شوریم کے مطابق وہ رات تقریباً 9 بجے اندھیری گلی میں موٹر سائیکل پر سوار تھا کہ عقب سے موٹر سائیکل کی آواز آنے پر خوف کے باعث اس نے موٹر سائیکل بھگانے کی کوشش کی، جس پر پولیس اہلکاروں نے فائرنگ کر دی۔

اس کے برعکس پولیس نے واقعے کو ملزمان کے ساتھ مقابلہ قرار دیتے ہوئے کانسٹیبل شیراز کی مدعیت میں مقابلے کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق گشت پر مامور اہلکاروں نے مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا، جن کی جانب سے فائرنگ کرنے پر جوابی کارروائی کی گئی۔ دریں اثنا، زخمی نوجوان کی والدہ نے آئی جی سندھ اور وزیر اعلیٰ سندھ سے واقعے کا نوٹس لینے اور انصاف فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔