امریکی ایئر لائن کی فضائی میزبان ہوٹل کی 24ویں منزل سے گر کر ہلاک
جینی لوپٹن کی لاش جمعرات کی صبح ہوٹل کے ایک ملازم نے کچرے کے ڈبے کے قریب دیکھی۔
فائل فوٹو
ہوائی: امریکی ایئر لائن کی 50 سالہ فلائٹ اٹینڈنٹ جینی لوپٹن ہوائی کے ایک فور اسٹار ہوٹل کی 24ویں منزل سے گر کر ہلاک ہوگئی۔
رپورٹس کے مطابق جینی لوپٹن کی لاش جمعرات کی صبح ہوٹل کے ایک ملازم نے کچرے کے ڈبے کے قریب دیکھی۔ وہ اوکلا ہوما سے تعلق رکھتی تھی اور گزشتہ 23 برس سے ایئر لائن میں فلائٹ اٹینڈنٹ کے طور پر خدمات انجام دے رہی تھی۔
جینی لوپٹن ہوائی کے شہر وائی کیکی میں واقع ریزورٹ میں قیام پذیر تھی۔ طبی حکام کے ابتدائی جائزے کے مطابق ایسا معلوم ہوتا ہے کہ وہ ہوٹل کی 24ویں منزل پر واقع اپنے کمرے کی بالکونی سے نیچے گری، تاہم اہلخانہ نے واقعے کو خودکشی قرار دینے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
اہلخانہ کے مطابق جینی کی لاش ملنے کے تقریباً 24 گھنٹے بعد انہیں اطلاع دی گئی، جبکہ واقعے سے چند گھنٹے قبل جینی نے اپنی بہن سے پیغامات کے ذریعے رابطہ کیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ جینی اپنی ایک فلائٹ اٹینڈنٹ دوست کے ساتھ باہر گئی تھیں، جہاں دونوں نے رقص کیا اور اچھا وقت گزارا۔ جینی نے واقعے سے کچھ دیر قبل ہی ایک نیا ٹیٹو بھی بنوایا تھا۔
امریکی میڈیا کے مطابق آنجہانی جینی ایک 15 سالہ بیٹے کی ماں تھی۔