جشن عید میلاد النبی ﷺ کی تیاریاں عروج پر، گلیاں اور بازار سج گئے

سیرت النبی ﷺ کے موضوع پر سیمینارز، کانفرنسز، محافل نعت اور دیگر مذہبی اجتماعات کا اہتمام کیا جائے گا

August 25, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

ملک بھر میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کی تیاریاں بھرپور انداز میں جاری ہیں۔ مختلف شہروں میں گلیوں، بازاروں، مساجد اور اہم شاہراہوں کو سبز جھنڈیوں، برقی قمقموں اور دیگر آرائشی سامان سے سجایا گیا ہے۔

جشن کے موقع پر ملک بھر میں مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ مختلف پروگرامز منعقد کیے جائیں گے۔ سیرت النبی ﷺ کے موضوع پر سیمینارز، کانفرنسز، محافل نعت اور دیگر مذہبی اجتماعات کا اہتمام کیا جائے گا، جبکہ مختلف علاقوں سے جلوس بھی نکالے جائیں گے۔

جشن عید میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے مساجد میں خصوصی محافل کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے، جہاں علماء کرام حضور اکرم ﷺ کی حیات مبارکہ، سیرت اور تعلیمات پر روشنی ڈالیں گے۔

آمد مصطفی ﷺ کی خوشی میں کئی شہروں کی اہم عمارتوں، بازاروں اور شاہراہوں کو برقی روشنیوں سے روشن کیا گیا ہے۔ مختلف مقامات پر خوبصورت محرابیں اور آرائشی دروازے بھی نصب کیے گئے ہیں۔

عاشقان رسول ﷺ کی جانب سے خانہ کعبہ اور مسجد نبوی ﷺ کے خوبصورت ماڈلز تیار کرکے بھی عقیدت و محبت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ مختلف علاقوں میں جلوسوں اور ریلیوں کے دوران شرکاء درود و سلام کا ورد کریں گے، جبکہ نیاز اور لنگر تقسیم کرنے کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔

علماء کرام کا کہنا ہے کہ حضور اکرم ﷺ سے محبت کا حقیقی تقاضا آپ ﷺ کی سیرت اور تعلیمات کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا ہے۔ ان کے مطابق نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل ہی دنیا اور آخرت میں کامیابی کا ذریعہ ہے۔