تاریخ میں پہلی بار ایک ملکہ جنگی پائلٹ بننے کی تربیت لینے لگی
ملکہ سوتھیدا کا یہ خصوصی تربیتی پروگرام 20 اگست سے شروع ہوا ہے اور 4 ستمبر تک جاری رہے گا۔
فوٹو گوگل
تھائی لینڈ کی ملکہ سوتھیدا نے گریپین لڑاکا طیارے کی خصوصی تربیت کا آغاز کر دیا ہے۔ اگر وہ تربیتی پروگرام کامیابی سے مکمل کرکے طیارہ تنہا اڑانے میں کامیاب ہو جاتی ہیں تو انہیں لڑاکا طیارہ اڑانے والی دنیا کی پہلی حکمران ملکہ بننے کا اعزاز حاصل ہو سکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ملکہ سوتھیدا کا یہ خصوصی تربیتی پروگرام 20 اگست سے شروع ہوا ہے اور 4 ستمبر تک جاری رہے گا۔ تربیت میں سویڈن میں تیار کردہ گریپین لڑاکا طیارے کے لیے تھائی فضائیہ کے مقررہ تربیتی طریقہ کار کو اختیار کیا جا رہا ہے۔
تربیتی پروگرام کے دوران ماہر فلائٹ انسٹرکٹرز اور ہوا بازی کے ماہرین ملکہ کی نگرانی کر رہے ہیں۔ گریپین طیارے کی تربیت سے قبل ملکہ سوتھیدا نے تھائی فضائیہ کے فلائٹ ٹریننگ اسکول میں ایل 39 جیٹ ٹرینر پر تربیت حاصل کی، جبکہ وہ متعدد سمیولیٹر مشقیں بھی مکمل کر چکی ہیں۔
ملکہ نے تھائی فضائیہ کے ونگ 7 کے متعدد دورے بھی کیے، جہاں گریپین 39 سی اور ڈی طیارے تعینات ہیں۔ ان دوروں کے دوران انہوں نے طیارے کے مختلف نظاموں کا جائزہ لینے کے ساتھ آپریشنل پائلٹس سے بھی ملاقاتیں کیں۔
ملکہ سوتھیدا کا ہوا بازی سے تعلق نیا نہیں۔ انہوں نے فوجی اور سول ہوا بازی کے مختلف تربیتی پروگرام مکمل کیے ہیں۔ ان کی تربیت میں سیسنا ٹی 41، سی ٹی 4 ای اور پی سی 9 جیسے طیارے شامل رہے، جبکہ جرمنی میں بھی انہوں نے مختلف طیاروں پر تربیت حاصل کی۔
بعد ازاں ملکہ نے بوئنگ 737 کے لیے کمرشل پائلٹ لائسنس حاصل کیا اور تھائی سول ایوی ایشن اتھارٹی سے ایئر لائن ٹرانسپورٹ پائلٹ کا لائسنس بھی حاصل کیا۔ وہ شاہی بوئنگ 737 طیاروں میں شریک پائلٹ کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیں۔
اب گریپین لڑاکا طیارے کی تربیت ان کے ہوا بازی کے سفر کا ایک نیا اور مشکل مرحلہ ہے۔ اس پروگرام کی کامیابی کی صورت میں ان کی ممکنہ سولو فلائٹ نہ صرف ان کے ذاتی کیریئر بلکہ شاہی خاندان کی تاریخ میں بھی ایک منفرد سنگ میل بن سکتی ہے۔