پاسداران انقلاب کے 5 سینئرعہدیداروں سے متعلق معلومات پر امریکی انعام کا اعلان
مطلوبہ معلومات ان افراد کی شناخت اور ان کی سرگرمیوں سے متعلق ہونی چاہئیں۔امریکی محکمہ خارجہ
فوٹو سوشل میڈیا(فیس بک)
امریکی حکومت نے ایران کی پاسداران انقلاب سے وابستہ پانچ سینیئر عہدیداروں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے والے افراد کے لیے مجموعی طور پر ایک کروڑ ڈالر تک کے انعامات کی پیشکش کی ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے پروگرام ’’ریوارڈز فار جسٹس‘‘ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مطلوبہ معلومات ان افراد کی شناخت اور ان کی سرگرمیوں سے متعلق ہونی چاہئیں۔
امریکی حکام کا الزام ہے کہ فہرست میں شامل بعض عہدیدار ایسی یونٹس کی قیادت کرتے رہے ہیں جن پر امریکی اہلکاروں کے خلاف مسلح کارروائیوں اور اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے والی سائبر سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔
امریکی اعلان میں پاسداران انقلاب سے وابستہ احمد وحیدی، خاتم الانبیا ہیڈکوارٹر کے کمانڈر علی عبداللہی اور سائبر شعبے سے وابستہ حمید رضا لشگریان کے نام شامل کیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ سعید آقاجانی اور مجید خادمی کے نام بھی فہرست میں شامل ہیں۔ امریکی حکام کے مطابق دونوں افراد پاسداران انقلاب میں اہم ذمہ داریاں ادا کر چکے تھے اور حالیہ جنگ کے دوران ہلاک ہو گئے۔
امریکی حکومت نے واضح کیا ہے کہ معلومات فراہم کرنے والے افراد کے لیے انعامی رقم کی پیشکش ان معلومات کی نوعیت اور افادیت سے مشروط ہوگی۔ یہ اعلان امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔