سپریم کورٹ رجسٹرار آفس نے عمران خان کی اسپتال منتقلی کی درخواست پر اعتراض اٹھا دیا
عدالت کے حکم پر عملدرآمد نہ ہونے کا مؤقف اختیار کرتے ہوئے توہینِ عدالت کی درخواست دائر کی گئی تھی
فائل فوٹو
سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اسپتال منتقلی سے متعلق دائر توہینِ عدالت کی درخواست پر ابتدائی اعتراض عائد کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق رجسٹرار آفس کی جانب سے عائد اعتراضات فی الحال ابتدائی نوعیت کے ہیں۔ اعتراضات برقرار رکھے جائیں گے یا انہیں دور کرنے کی اجازت دی جائے گی، اس کا فیصلہ متعلقہ مجاز اتھارٹی کرے گی۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے 18 اگست کو عمران خان کو طبی معائنے اور علاج کے لیے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی تھی۔
بعد ازاں عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال کے بجائے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز لے جایا گیا، جہاں طبی معائنے کے بعد انہیں دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔
اسی معاملے پر عدالت کے حکم پر عملدرآمد نہ ہونے کا مؤقف اختیار کرتے ہوئے توہینِ عدالت کی درخواست دائر کی گئی تھی، جس پر اب سپریم کورٹ رجسٹرار آفس نے ابتدائی اعتراضات عائد کیے ہیں۔