ہیتی میں مسلح گروہ کا ہولناک حملہ، چرچ میں پناہ لینے والے 40 افراد ہلاک

حملہ کینسکوف کے پہاڑی علاقے میں قائم ایک کیمپ پر کیا گیا، جہاں گینگ تشدد سے متاثرہ اور بے گھر افراد نے چرچ میں پناہ لے رکھی تھی۔

August 25, 2026 · بام دنیا
فوٹو سوشل میڈیا ( ایکس)

فوٹو سوشل میڈیا ( ایکس)

ہیتی کے دارالحکومت پورٹ او پرنس کے قریب مسلح گروہ کے حملے میں تقریباً 40 افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ متعدد افراد کے زخمی اور لاپتا ہونے کی اطلاعات ہیں۔

حکام کے مطابق حملہ کینسکوف کے پہاڑی علاقے میں قائم ایک کیمپ پر کیا گیا، جہاں گینگ تشدد سے متاثرہ اور بے گھر افراد نے چرچ میں پناہ لے رکھی تھی۔

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ مسلح افراد نے کیمپ میں داخل ہو کر لوگوں کو نشانہ بنایا۔ حملے کے بعد تقریباً 40 لاشیں برآمد ہوئیں، جبکہ لاپتا افراد کی تلاش جاری ہے۔ بعض افراد کے اغوا کیے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔

کینسکوف کے میئر نے واقعے کو انتہائی خوفناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ حملہ ان لوگوں پر کیا گیا جو پہلے ہی تشدد سے بچنے کے لیے محفوظ مقام پر منتقل ہوئے تھے۔

حملے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ہیتی حکومت نے صورتحال پر قابو پانے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے اضافی سکیورٹی اہلکار تعینات کرنے کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کی گئی اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

ہیتی گزشتہ کئی برس سے مسلح گروہوں کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ اور تشدد کا سامنا کر رہا ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق ملک میں لاکھوں افراد بے گھر ہوچکے ہیں جبکہ بڑی تعداد میں شہری شدید غذائی مشکلات سے دوچار ہیں۔