بھارتی اخبار کا دعویٰ من گھڑت ؛ سبحان اللہ مسجد بہاولپور کی تعمیرِ نو سے متعلق خبر فیک نیوز قرار
وزارتِ اطلاعات نے ’ٹائمز آف انڈیا‘ کا پروپیگنڈا بے نقاب کر دیا،25 کروڑ روپے کی سرکاری فنڈنگ سے متعلق بھارتی رپورٹ پر ردِعمل
فائل فوٹو
اسلام آباد: پاکستان کی وزارتِ اطلاعات و نشریات کے فیکٹ چیک ونگ نے بھارتی معروف اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘ کی اس خبر کو مکمل طور پر من گھڑت، بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دے کر مسترد کر دیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ بہاولپور میں واقع سبحان اللہ مسجد کمپلیکس کی 250 ملین (25 کروڑ) روپے کی سرکاری فنڈنگ سے تعمیرِ نو کی جا رہی ہے۔
وزارتِ اطلاعات کے فیکٹ چیکنگ پلیٹ فارم کے مطابق بھارتی میڈیا اپنے سیاسی مفادات اور بالخصوص ’معرکہ حق‘ کے دوران پاکستان کی جانب سے دیے گئے منہ توڑ جواب کی سبکی مٹانے کے لیے من گھڑت اور من گھڑت کہانیاں گھڑ رہا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت کے نام نہاد ’آپریشن سندور‘ کے دوران بے گناہ خواتین، بچوں اور بزرگوں کو نشانہ بنایا گیا تھا، جس کے جواب میں پاکستان نے ہر لحاظ سے منہ توڑ اور تاریخی ردِعمل دیا۔
فیکٹ چیک رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ بھارت مسلسل تاریخی حقائق کو مسخ کرنے اور اپنے داخلی بیانیے کو سنبھالنے کے لیے من گھڑت کہانیاں اور ڈاکیومنٹریز بنا رہا ہے۔ بھارتی میڈیا کی حالیہ رپورٹس اور ڈاکیومنٹریز کو “بالی ووڈ طرز کی من گھڑت پیشکش” قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ان میں حقائق اور شفافیت کے بجائے صرف ڈرامائی انداز اور سلیکٹو ایڈیٹنگ کا سہارا لیا گیا ہے۔
وزارتِ اطلاعات و نشریات نے واضح کیا کہ ’ٹائمز آف انڈیا‘ کی رپورٹ بھارتی ریاست کے طے شدہ ڈس انفارمیشن اور پروپیگنڈا کا حصہ ہے، جس کا مقصد بھارتی عوام کو گمراہ کرنا اور سچائی کو چھپانا ہے۔ حکام نے تاکید کی ہے کہ اس طرح کے غیر تصدیق شدہ اور من گھڑت دعووں کی تشہیر کے بجائے ان کی سخت سکرپٹنی اور حقیقت پر مبنی صحافت کو فروغ دیا جانا چاہیے۔