وزیراعظم شہباز شریف کی 12 ربیع الاول پر پاکستان اور امتِ مسلمہ کو مبارکباد

آپ ﷺ کی تعلیمات میں سچائی، دیانت، عدل، مساوات، قانون کی پاسداری اور انسانی حقوق کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔

August 26, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے 12 ربیع الاول کے بابرکت موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں بسنے والے مسلمانوں کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

اپنے پیغام میں وزیراعظم نے حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی سیرتِ طیبہ کو پوری انسانیت کے لیے رہنمائی کا سرچشمہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آپ ﷺ کی تعلیمات میں سچائی، دیانت، عدل، مساوات، قانون کی پاسداری اور انسانی حقوق کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل کی بہتر تربیت کے لیے سیرتِ نبوی ﷺ کے اصولوں کو عملی زندگی کا حصہ بنانا ضروری ہے۔ نوجوانوں میں محنت، نظم و ضبط، احساسِ ذمہ داری، علم اور خدمتِ خلق کا جذبہ پیدا کرکے انہیں ملک و قوم کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنایا جاسکتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ رسول اکرم ﷺ نے مکہ مکرمہ میں توحید، تقویٰ اور اعلیٰ اخلاق کی بنیاد مضبوط کی جبکہ مدینہ منورہ میں عدل و انصاف، مساوات اور قانون کی بالادستی پر مبنی معاشرے کی عملی مثال قائم کی۔

انہوں نے کہا کہ سیرتِ طیبہ ﷺ ہر دور میں انسانیت کے لیے مکمل رہنمائی فراہم کرتی ہے اور موجودہ دور کے معاشرتی، معاشی اور اخلاقی مسائل سے نمٹنے کے لیے بھی اسوۂ حسنہ ﷺ سے رہنمائی حاصل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس مبارک دن کے موقع پر معاشرے میں اتحاد و یکجہتی، بین المسالک ہم آہنگی اور بین المذاہب احترام کو فروغ دینے پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ اختلافات کو دشمنی میں تبدیل کرنے کے بجائے برداشت، مکالمے اور باہمی احترام کو فروغ دینا ہی ایک مضبوط، پُرامن اور متحد معاشرے کی بنیاد بن سکتا ہے۔