پمز نرسری آتشزدگی کے دوران کیا ہوا؟عینی شاہدین نے تفصیلات بتادیں

صبح کے وقت آگ لگنے کی اطلاع کے بعد بعض افراد نے نرسری تک پہنچنے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی اہلکاروں نے انہیں اندر جانے سے روک دیا۔

August 26, 2026 · قومی
فوٹو سوشل میڈیا ایکس

فوٹو سوشل میڈیا ایکس

اسلام آباد: پمز اسپتال کی نرسری میں پیش آنے والی آتشزدگی کے دوران موجود ایک عینی شاہد نے واقعے کی صورتحال بیان کردی۔

عینی شاہد ین کے مطابق آگ لگنے کے بعد اسپتال کے اندر دھواں تیزی سے پھیل گیا، جس کے باعث لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور متعدد افراد اپنی جان بچانے کے لیے باہر نکلنے کی کوشش کرنے لگے۔

 

عینی شاہد نے بتایا کہ صبح کے وقت آگ لگنے کی اطلاع کے بعد بعض افراد نے نرسری تک پہنچنے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی اہلکاروں نے انہیں اندر جانے سے روک دیا۔ بعد ازاں کچھ لواحقین خود اندر داخل ہوئے اور اوپری منزل کی جانب گئے، جہاں شدید دھواں موجود تھا۔

ان کے مطابق نرسری کے دونوں دروازے بند تھے اور انہیں کھولنے کی کوشش کی گئی، تاہم دروازے فوری طور پر نہیں کھل سکے۔ اسی دوران دھواں اوپری منزل تک پہنچ گیا اور خواتین سمیت دیگر افراد تیزی سے نیچے کی طرف آنے لگے۔

 

عینی شاہد کا کہنا تھا کہ ریسکیو اہلکاروں نے بچوں کو نرسری سے باہر نکالا تو صورتحال انتہائی دلخراش تھی اور کئی بچوں کے جسم جھلسنے سے شدید متاثر ہوچکے تھے۔

واقعے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے آگ پر قابو پانے کے لیے کارروائی کی اور متاثرہ حصے میں کولنگ کا عمل بھی کیا گیا۔

واضح رہے کہ پمز اسپتال کی نرسری میں ہونے والی آتشزدگی کے نتیجے میں نومولود بچوں کی ہلاکتیں ہوئی ہیں، جبکہ واقعے کی وجوہات اور انتظامی معاملات سے متعلق تحقیقات کا عمل جاری ہے۔