’آگ لگی تو انکیوبیشن سینٹر میں عملہ نہیں تھا‘والدین کا دعویٰ

انہیں صرف یہ اطلاع دی گئی کہ ان کے بچے جان کی بازی ہار گئے ہیں، تاہم انہیں واقعے کی مکمل تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

August 26, 2026 · قومی

اسلام آباد: پمز اسپتال کی نرسری میں آتشزدگی کے نتیجے میں نومولود بچوں کی ہلاکت کے بعد متاثرہ والدین نے انتظامیہ کے کردار اور حفاظتی انتظامات پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

متاثرہ والدین کا الزام ہے کہ جس وقت انکیوبیشن سینٹر میں آگ لگی، وہاں متعلقہ عملہ موجود نہیں تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں صرف یہ اطلاع دی گئی کہ ان کے بچے جان کی بازی ہار گئے ہیں، تاہم انہیں واقعے کی مکمل تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

والدین نے سوال اٹھایا کہ انہیں یہ یقین کیسے دلایا جائے کہ ان کے بچے واقعی آگ میں جھلسنے کے باعث جاں بحق ہوئے۔ ان کے مطابق بعض والدین نے اپنے بچوں کے کپڑے یا دیگر شناختی اشیا تک نہیں دیکھیں، جس کی وجہ سے ان کے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔

ایک متاثرہ خاتون نے دعویٰ کیا کہ واقعے کے بعد تقریباً ایک گھنٹے تک کوئی ڈاکٹر یا متعلقہ عملہ وہاں نہیں پہنچا۔ انہوں نے انتظامیہ سے سوال کیا کہ اگر آگ اتنی شدید تھی تو دیگر وارڈز میں موجود افراد کس طرح محفوظ رہے اور وہاں کسی کو معمولی چوٹ تک کیوں نہیں آئی۔

 

متاثرہ خاندانوں نے واقعے کی شفاف اور غیر جانب دار تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اپنے بچوں کی ہلاکت سے متعلق مکمل حقائق اور شواہد فراہم کیے جائیں۔

واضح رہے کہ بدھ کی صبح پمز اسپتال کی نرسری میں آتشزدگی کا افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا، جس کے نتیجے میں 15 نومولود جاں بحق ہوئے۔ واقعے کی وجوہات اور ممکنہ غفلت کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔