خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں،11 دہشت گرد ہلاک

کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا اور اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

August 27, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی مختلف انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران 11 دہشت گرد مارے گئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائیاں خیبرپختونخوا کے جنوبی وزیرستان اور بنوں جبکہ بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے ساسول میں کی گئیں۔ کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا اور اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق بنوں میں فتنہ الخوارج کے خلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کی گئی، جس میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کو بارودی مواد کی مدد سے تباہ کیا گیا۔

جنوبی وزیرستان کے علاقے لدھا میں بھی سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران 5 دہشت گرد مارے گئے۔ سکیورٹی اہلکاروں نے دہشت گردوں کی مشتبہ نقل و حرکت کا بروقت سراغ لگایا اور علاقے کو گھیرے میں لے کر کارروائی کی۔

دوسری جانب بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے ساسول میں فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائی کی گئی، جس میں 4 دہشت گرد مارے گئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی میں کوآڈ کاپٹر کی مدد بھی حاصل کی گئی۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام کارروائیوں کے دوران شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ترجیح دی گئی اور مقامی آبادی کو نقصان سے محفوظ رکھنے کے لیے خصوصی احتیاطی اقدامات کیے گئے۔

سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔