وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی الوداعی ملاقات
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی سفیر کو پاکستان میں اپنی ذمہ داریاں کامیابی سے مکمل کرنے پر مبارکباد دی
فوٹو سوشل میڈیا
اسلام آباد: پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے اپنی سفارتی ذمہ داریاں مکمل ہونے پر وزیراعظم شہباز شریف سے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں الوداعی ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی سفیر کو پاکستان میں اپنی ذمہ داریاں کامیابی سے مکمل کرنے پر مبارکباد دی اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ اور اسٹریٹجک تعلقات کے فروغ میں ان کی خدمات کو سراہا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات باہمی اعتماد اور مشترکہ مفادات پر قائم ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے سعودی سفیر کی کوششوں کی تعریف کی۔
شہباز شریف نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور سعودی ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کی صحت و سلامتی کے لیے دعا بھی کی۔
وزیراعظم نے پاکستان کے لیے سعودی عرب کی مسلسل حمایت اور تعاون کو سراہا اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے سعودی عرب کے کردار کی تعریف کی۔
اس موقع پر سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے پاکستان میں اپنی سفارتی ذمہ داریوں کے دوران حکومت اور عوام کی جانب سے ملنے والے تعاون، گرمجوشی اور مہمان نوازی پر وزیراعظم اور حکومتِ پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
سعودی سفیر نے پاکستان میں اپنے قیام کو خوشگوار اور یادگار قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی سفیر کے لیے مستقبل کی ذمہ داریوں میں کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔