کراچی:بارہویں جماعت سائنس جنرل گروپ کے سالانہ نتائج جاری
سائنس جنرل گروپ میں کونکورڈیا کالج گلشنِ حدید کیمپس کی طالبہ جنت بنت علی دوست نے پہلی پوزیشن حاصل کی
فوٹو سوشل میڈیا
کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ بارہویں جماعت سائنس جنرل گروپ کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان کردیا۔
چیئرمین انٹر بورڈ کراچی فقیر محمد لاکھو نے نتائج جاری کرتے ہوئے بتایا کہ سائنس جنرل گروپ میں کونکورڈیا کالج گلشنِ حدید کیمپس کی طالبہ جنت بنت علی دوست نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ انہوں نے 1100 میں سے 1005 نمبر حاصل کرکے اے ون گریڈ حاصل کیا۔
آدم جی گورنمنٹ سائنس کالج کے طالبعلم حمزہ شکیل نے 1003 نمبروں کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ بحریہ کالج ایم ٹی خان روڈ کی طالبہ لائبہ ذوالفقار نے 989 نمبر حاصل کرکے تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔ تینوں پوزیشن ہولڈرز نے اے ون گریڈ حاصل کیا۔
چیئرمین انٹر بورڈ کراچی فقیر محمد لاکھو نے پوزیشن ہولڈرز کو مبارکباد دیتے ہوئے طلبہ، اساتذہ اور تعلیمی اداروں کی کاوشوں کو سراہا۔
انہوں نے خصوصی طور پر آدم جی گورنمنٹ سائنس کالج کی کارکردگی کو قابلِ ذکر قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پری انجینئرنگ کے بعد سائنس جنرل گروپ میں بھی کالج کے طالبعلم کی پوزیشن حاصل کرنا اساتذہ اور طلبہ کی محنت کا نتیجہ ہے۔
فقیر محمد لاکھو نے کہا کہ انٹرمیڈیٹ امتحانات میں سرکاری تعلیمی اداروں کے طلبہ کی نمایاں کامیابیاں تعلیمی معیار میں بہتری کی حوصلہ افزا علامت ہیں۔
ناظمِ امتحانات زرینہ راشد کے مطابق سائنس جنرل گروپ کے امتحانات کے لیے مجموعی طور پر 18 ہزار 913 امیدواروں نے رجسٹریشن کرائی، جن میں سے 18 ہزار 591 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے۔
ان کے مطابق 10 ہزار 511 امیدوار کامیاب قرار پائے، یوں مجموعی کامیابی کا تناسب 56.54 فیصد رہا۔
نتائج کے مطابق 748 امیدواروں نے اے ون گریڈ، 2 ہزار 193 نے اے گریڈ، 3 ہزار 184 نے بی گریڈ، 3 ہزار 76 نے سی گریڈ، ایک ہزار 280 نے ڈی گریڈ جبکہ 20 امیدواروں نے ای گریڈ حاصل کیا۔
انٹر بورڈ کراچی کے مطابق نتائج کے اعلان کے بعد طلبہ اپنے نمبرز اور گریڈز کی تفصیلات متعلقہ ذرائع سے حاصل کرسکتے ہیں۔