سندھ میں نجی اسکولوں کے لیےفائر سیفٹی اقدامات لازمی قرار

نجی اسکولوں میں فائرالارم،اسموک ڈیٹیکٹر اور فائر ایکسٹنگشرزکی تنصیب لازمی ہوگی،سالانہ دو مرتبہ فائرڈرل لازمی ہوگی

August 27, 2026 · قومی

فائل فوٹو

سندھ کے نجی اسکولوں کے لیے فائر سیفٹی کے حفاظتی اقدامات لازمی قرار دے دیے گئے۔

ہدایات دی گئی ہیں کہ اسکولوں میں ایمرجنسی راستے اور سیڑھیاں ہر وقت کھلی رکھی جائیں، نجی اسکولوں میں سالانہ کم از کم دو مرتبہ فائر ڈرل لازمی ہوگی، اسکولوں میں فائر ایویکیویشن پلان اور فلور میپس نمایاں مقامات پر آویزاں کیے جائیں، اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کو فائر سیفٹی اور ابتدائی طبی امداد کی تربیت دی جائے، خصوصی بچوں اور دیگر کمزور طلبہ کے محفوظ انخلا کے لیے خصوصی انتظامات کیے جائیں۔

ہدایات میں کہا گیاہے کہ سندھ کے نجی اسکولوں میں ایمرجنسی کی صورت میں اسمبلی پوائنٹ مقرر کیا جائے، فائر سیفٹی ہدایات پر عمل نہ کرنے والے اسکولوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، اسکولوں میں بجلی کے نظام، لیبارٹریز اور کچن کی باقاعدہ جانچ کی جائے گی، ایمرجنسی کی صورت میں کلیئرنس ملنے تک اسکول میں دوبارہ داخلے پر پابندی عائد ہوگی۔