پاکستان اور کویت میں دفاعی تعاون کے معاہدے پر دستخط

تربیت، استعداد کار اور سرحدی انتظام میں تعاون فراہم کیا جائے گا

August 27, 2026 · قومی

فائل فوٹو

 

کویت کے وزیر دفاع شیخ عبداللہ علی عبداللہ السلیم الصباح کی قیادت میں اعلیٰ سطح کویتی وفد نے وزارت دفاع راولپنڈی میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ دفاعی تعلقات، سیکیورٹی تعاون اور پاکستان و کویت کے درمیان دفاعی روابط مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی، جبکہ خصوصی طور پر دوطرفہ دفاعی تعلقات، سیکیورٹی تعاون اور پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی روابط کو مزید مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔

پاکستان اور کویت کے درمیان پروٹوکول معاہدہ 2026 پر دستخط کیے گئے، جس کے ذریعے دفاعی تعاون معاہدہ 2023 کے تحت قائم موجودہ فوجی تعاون کے فریم ورک کو نمایاں طور پر مزید وسعت دی گئی ہے۔

 

نئے معاہدے کے تحت پاک فوج کویتی مسلح افواج کو مختلف شعبوں میں معاونت فراہم کرے گی، جن میں تربیت، استعداد کار میں اضافہ، سرحدی انتظام اور دفاعی تعاون کے دیگر باہمی طور پر طے شدہ شعبے شامل ہیں۔

معاہدہ دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ دفاعی تعلقات کی بنیاد بننے والے گہرے اعتماد، باہمی احترام اور مشترکہ اسٹریٹجک مفادات کی عکاسی کرتا ہے۔

دونوں جانب سے باہمی سلامتی اور علاقائی امن و استحکام کے لیے اس شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

مزید پڑھیں:کویتی وزیردفاع کافیلڈمارشل عاصم منیر سےعلاقائی سلامتی اور تعاون پر تبادلہ خیال