پاک چین دوستی کو ٹیکنالوجی اور جدت کے نئے دور میں لے جانا چاہتے ہیں:مریم نواز
صوبائی حکومت پنجاب کو جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل معیشت کا اہم مرکز بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
فوٹوسوشل میڈیا ( ایکس)
بیجنگ: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے تعلقات دیرینہ اعتماد، باہمی احترام اور مضبوط شراکت داری پر قائم ہیں، اب دونوں ممالک کے اس تعلق کو ٹیکنالوجی، ڈیٹا اور جدت کے نئے دور سے جوڑنے کی ضرورت ہے۔
بیجنگ میں وزیراعلیٰ پنجاب نے چین کے پارٹی سیکریٹری ہی ژونگ یو سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعاون اور پنجاب میں مختلف شعبوں کے لیے چینی تجربات سے فائدہ اٹھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
انٹرنیشنل بگ ڈیٹا ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے چینی کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت پنجاب کو جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل معیشت کا اہم مرکز بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق ڈیجیٹل تبدیلی دنیا بھر کی معیشتوں کو نئی سمت دے رہی ہے اور اس شعبے میں ترقی سے روزگار کے وسیع مواقع پیدا کیے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت اور بگ ڈیٹا آنے والے برسوں میں معاشی ترقی کے اہم ذرائع ثابت ہوں گے۔
مریم نواز نے بتایا کہ پنجاب میں مصنوعی ذہانت کے استعمال کو تعلیم، صحت، زراعت اور سرکاری امور سمیت مختلف شعبوں تک وسعت دی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق صوبے کے نوجوان جدید ٹیکنالوجی سیکھنے اور نئی مہارتیں حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جس کے لیے حکومت انہیں تربیت اور تعلیمی مواقع فراہم کر رہی ہے۔
انہوں نے چین کی تیز رفتار ڈیجیٹل ترقی کو پاکستان کے لیے اہم مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل شعبے میں چین کے ساتھ تعاون مزید بڑھانے کا خواہاں ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے گویژو میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے شعبے میں ہونے والی پیش رفت کو بھی سراہا اور کہا کہ چین کے تجربات سے استفادہ کرکے پنجاب میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو مزید فروغ دیا جاسکتا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب زراعت کے حوالے سے بھی وسیع مواقع رکھتا ہے اور صوبائی حکومت اس شعبے میں جدید طریقہ کار اور ٹیکنالوجی متعارف کرا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ملک کے لیے غذائی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے چینی سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ پنجاب میں ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل معیشت اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔
مریم نواز نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان روایتی تعاون کو جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل معیشت کے شعبوں تک وسعت دے کر دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنایا جاسکتا ہے۔