وزیراعظم شہباز شریف کی جاتی عمرہ میں نواز شریف سے ملاقات
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے نواز شریف کو ملکی سیاسی معاملات اور معاشی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔
فائل فوٹو
لاہور: وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے جاتی عمرہ میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے ملاقات کی، جس میں ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال سمیت مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے نواز شریف کو ملکی سیاسی معاملات اور معاشی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ دونوں رہنماؤں نے موجودہ صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی گفتگو کی۔
وزیراعظم نے نواز شریف کو پمز میں پیش آنے والے واقعے سے متعلق بھی آگاہ کیا۔ شہباز شریف نے سانحہ پمز کے بعد حکومت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات اور کارروائیوں سے متعلق تفصیلات بھی مسلم لیگ (ن) کے قائد کے سامنے رکھیں۔
دوسری جانب نومنتخب وزیراعظم آزاد کشمیر سید افتخار گیلانی بھی جاتی عمرہ پہنچ گئے ہیں۔ ان کی مسلم لیگ (ن) کی قیادت سے اہم ملاقات متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر میں حکومت سازی اور آئندہ کے سیاسی معاملات بھی ملاقاتوں کے دوران زیر بحث آسکتے ہیں۔