راولپنڈی ،تھانے میں شہری کے چہرے پر جوتا مارنے والا پولیس اہلکار معطل

ویڈیو میں پولیس اہلکار کو شہری کو خاموش رہنے کا کہتے ہوئے بھی سنا جاسکتا ہے، جبکہ موقع پر موجود دیگر افراد کی آوازیں بھی ریکارڈ ہوئی ہیں۔

August 30, 2026 · قومی
فوٹو سوشل میڈیا

فوٹو سوشل میڈیا

راولپنڈی: تھانہ گوجرخان میں شہری سے مبینہ بدسلوکی اور اس کے چہرے پر جوتا مارنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس پر سی پی او راولپنڈی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ پولیس کانسٹیبل کو معطل کرکے انکوائری کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق ایک تنازع کے سلسلے میں ون فائیو پر کال موصول ہونے کے بعد دونوں فریقین کو تھانہ گوجرخان منتقل کیا گیا تھا۔ اسی دوران ایک شخص، جس کے کپڑے پھٹے ہوئے اور پاؤں میں جوتے نہیں تھے، تھانے میں موجود تھا۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مذکورہ شخص اور وہاں موجود بعض افراد کے درمیان تلخ کلامی ہورہی ہے۔ اسی دوران ایک باوردی پولیس اہلکار جوتا ہاتھ میں لیے اس شخص کے قریب آتا ہے اور مبینہ طور پر اس کے چہرے پر جوتا مار دیتا ہے۔

ویڈیو میں پولیس اہلکار کو شہری کو خاموش رہنے کا کہتے ہوئے بھی سنا جاسکتا ہے، جبکہ موقع پر موجود دیگر افراد کی آوازیں بھی ریکارڈ ہوئی ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق فریقین کے درمیان مبینہ طور پر مکان پر قبضے کے معاملے پر جھگڑا ہوا تھا، جس کے بعد ون فائیو کال پر پولیس موقع پر پہنچی اور دونوں فریقین کو تھانے منتقل کیا گیا۔ اسی دوران پولیس اہلکار کی جانب سے شہری سے ناروا سلوک کا واقعہ پیش آیا۔

ویڈیو سامنے آنے کے بعد سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا نے واقعے کا نوٹس لیا۔ متعلقہ کانسٹیبل احتشام کو فوری طور پر معطل کرکے چارج شیٹ جاری کردی گئی ہے۔

سی پی او نے ایس پی صدر کو واقعے کی مکمل انکوائری کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

حسن مشتاق سکھیرا کا کہنا ہے کہ کسی بھی شہری پر تشدد یا اس کے ساتھ ناروا سلوک کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ پولیس اہلکاروں کو قانون اور شہریوں کے حقوق کی پاسداری یقینی بنانا ہوگی۔