کراچی میں پولنگ عملہ تعینات 2حلقے ویران

0

کراچی (رپورٹ : ارشاد کھوکھر) الیکشن ڈیوٹی کیلئے سندھ بھر میں تقریباً 76 ہزار پاک فوج اور رینجرز کے جوان متعلقہ اضلاع میں پہنچ گئے۔ آج سے پاک فوج کے جوان متعلقہ پولنگ اسٹیشن پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیں گے جبکہ حساس پولنگ اسٹیشن پر کیمرے نصب کرنے کا کام بھی آج مکمل کرلیا جائے گا۔ کل سے پریزائیڈنگ افسران کو بیلٹ پیپرز اور اسٹیشنری وغیرہ فراہم کرکے تمام انتظامات مکمل کئے جائیں گے۔ باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ میں عام انتخابات کے انتظامات کو آج حتمی شکل دی جائے گی اور تقریباً 20 پولنگ اسٹیشن پر پاک فوج اور رینجرز کے تقریباً 76 ہزار جوان بھی تعینات ہوں گے، جبکہ پولیس نفری اسکے علاوہ ہو گی۔ ذرائع نے بتایا کہ اس ضمن میں تیار پولنگ اور سیکورٹی پلان کے تحت پاک فوج اور رینجرز جوانوں کی نفری متعلقہ اضلاع میں پہنچ چکی ہے۔ اس ضمن میں پاک فوج افسران نے الیکشن کمیشن اور متعلقہ انتظامی افسران سے حساس ، انتہائی حساس، سمیت نارمل پولنگ اسٹیشن کی فہرست اور سیکورٹی پلان حاصل کر لیا ہے۔ آج اس حوالے سے متعلقہ ضلعی انتظامیہ سے مل کر انتظامات کو حتمی شکل دی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج اور رینجرز کے جوان افسران کیساتھ متعلقہ پولنگ اسٹیشن پر پہنچ کر صورت حال کا جائزہ لیں گے، تاکہ متعلقہ پولنگ اسٹیشنز کی صورتحال اور نوعیت کے لحاظ سے انتظامات کئے جائیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکورٹی اہلکاروں کو پولنگ اسٹیشنز تک پہنچانے کیلئے ٹرانسپورٹیشن اور کھانے پینے اور اس نوعیت انتظامات کی ذمہ داری متعلقہ ضلعی انتظامیہ کی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ سندھ میں تقریباً 5 ہزار پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے، جہاں کیمرے نصب کرنے کا کام تقریباً مکمل ہو چکا ہے تاہم بعض پولنگ اسٹیشنز میں گزشتہ روز تک کام مکمل نہیں ہو سکا تھا۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں رپورٹ ملی ہے اور یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ 23 جولائی مذکورہ کام بھی مکمل کر کے سسٹم کو فعال کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی الیکشن کمشنر کے دفتر سے بیلٹ پیپرز اور دیگر سامان متعلقہ ڈی آر اوز تک پہنچایا گیا، کل سے متعلقہ ریٹرننگ افسران کے مذکورہ سامان متعلقہ پولنگ اسٹیشنز کے پریزائیڈنگ افسران میں تقسیم کریں گے، جو سامان کیساتھ پولنگ اسٹیشنز پہنچیں گے۔ ذرائع کے مطابق امن و امان قائم رکھنے کیلئے رینجرز اہلکار گشت بھی کریں گے۔ جبکہ تمام ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز ، ایس ایس پیز، اے ایس پیز، ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز بھی متعلقہ علاقوں میں گشت کرکےصورتحال مانیٹر کریں گے، جبکہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوارواقعے سے نمٹنے کے لئے پاک فوج کو بھی الرٹ رکھا جائے گا۔
٭٭٭٭٭
کراچی (رپورٹ : سید علی حسن) الیکشن 2018 کیلئے کراچی میں قومی اسمبلی کے 19 حلقوں میں پولنگ عملہ تعینات کر دیا گیا ہے، جبکہ 2حلقوں میں تا حال عملے کی تعیناتی نامکمل ہے، 19 حلقوں میں 4667 پولنگ اسٹیشنوں پر 58 ہزار 876 پولنگ عملے کی ڈیوٹی لگا دی گئی ہے، ضلع شرقی کے این اے 244 اور ضلع غربی کے این اے 252 میں عملہ ابھی مکمل نہیں الیکشن نتائج کی ترسیل کیلئے متعارف کی گئی ای آر ٹی ایس ایپلی کیشن کی ویب سائٹ لنک ڈاؤن ہونے سے نہ صرف آر اوز کے عملے کو مشکلات کا سامنا رہا، بلکہ رجسٹریشن کیلئے آئے 250 سے زائد پریزائیڈنگ و اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسر ان بھی رل گئے۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن 2018 میں کراچی میں قومی اسمبلی کے21 حلقوں کیلئے 5032 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں، جہاں 64 ہزار 126 افراد پرمشتمل پولنگ عملہ فرائض انجام دے گا، اب تک 19 حلقوں میں قائم پولنگ اسٹیشنوں میں عملے کی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں، تاہم 2 حلقوں میں ڈیوٹیاں تبدیل ہونے اور عملے کی کمی پوری کرنے کیلئے مزید عملے کو طلب کرنے کے باعث عملے کی ڈیوٹی لگانے کا عمل مکمل نہ ہوسکا، جو توقع ہے آج مکمل کر لیا جائے گا۔ اسکے علاوہ وہ حلقے جہاں پولنگ اسٹاف کی ڈیوٹیاں لگائی جاچکی ہیں، وہاں عملے کو الیکشن کمیشن کا کارڈ جاری کرنے اور نتائج کی ترسیل کیلئے متعارف موبائل ایپلی کیشن کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔ضلع ملیر کے حلقہ این اے 236 میں 197 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں، جہاں2 لاکھ 33 ہزار 28 ووٹر رجسٹرڈ ہیں۔ مذکورہ پولنگ اسٹیشنز میں 681 پولنگ بوتھ ہیں، جہاں 2558 کا عملہ تعینات ہے۔ این اے 237 میں قائم 181 پولنگ اسٹیشنز میں 715 بوتھ بنائے گئے ہیں،جن کیلئے 2434 کا عملہ مقرر ہے، حلقے میں 2لاکھ 83 ہزار 882 ووٹر رجسٹرڈ ہیں۔ حلقہ این اے 238 میں 158 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں، یہاں ایک 2 لاکھ 46 ہزار 616 ووٹر رجسٹرڈ ہیں، حلقے میں 595 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں، جہاں 2112 کا عملہ تعینات ہے۔ اسی طرح ضلع کورنگی کے حلقہ این اے 239 میں 315 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں، جہاں 5 لاکھ 28 ہزار732 ووٹر رجسٹرڈ ہیں، پولنگ اسٹیشنوں میں 1260 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں، جہاں 3250 کا پولنگ عملہ تعینات کیا گیا ہے۔ حلقہ این اے 240 میں 292 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں، جہاں 4 لاکھ 75 ہزار 523 ووٹر رجسٹرڈ ہیں، مذکورہ پولنگ اسٹیشنوں میں 1168 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں، اور 3160 انتخابی عملہ تعینات کیا گیا ہے۔ حلقہ این اے 241 میں 177 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں، جہاں3 لاکھ 14 ہزار 450 ووٹر رجسٹرڈ ہیں، جبکہ یہاں 708پولنگ بوتھ میں 2478 عملہ تعینات کیا گیا ہے۔ ضلع شرقی میں حلقہ این اے 242 میں 98 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں، جہاں390 پولنگ بوتھ میں 3250 عملہ کام کرے گا، حلقے میں ایک لاکھ 83 ہزار 373 ووٹر ہیں، مذکورہ پولنگ اسٹیشنوں میں 390پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔ حلقہ این اے243میں قائم 216 پولنگ اسٹیشنز میں 864 پولنگ بوتھ ہونگے، جہاں 3100 عملہ ہوگا، جبکہ یہاں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ ایک ہزار 833 ہیں۔ حلقہ این اے 244 میں قائم 210 پولنگ اسٹیشنز میں 840 بوتھ بنائے گئے ہیں اور یہاں 4 لاکھ 7 ہزار 363 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں، مذکورہ حلقے میں 3280 کے قریب عملہ تعینات کیا گیا تھا، تاہم اس میں سے بعض کی ڈیوٹیاں تبدیل کرکے دیگر بوتھس میں لگائی جا رہی ہیں۔ عدالتی عملے نے بتایا کہ دوسرے پولنگ بوتھوں میں عملے کی کمی ہے، ہمیں جو لسٹیں دی گئی تھیں، ان میں چند ملازمین ریٹائرڈ جبکہ ایسے بھی تھے جن کی ایک سے زائد بوتھ میں ڈیوٹی لگائی گئی تھی، جس پر عملے کی ڈیوٹی تبدیل کی جا رہی ہے۔ حلقہ این اے 245میں قائم 229 پولنگ اسٹیشننز میں 916 بوتھ بنائے گئے ہیں، جہاں 3206 کا عملہ کام کرے گا، جبکہ رجسٹرڈ ووٹرز 4 لاکھ 43 ہزار 540 ہیں۔ ضلع جنوبی کے حلقہ این اے 246 میں قائم 244 پولنگ اسٹیشنز میں 976 بوتھ بنائے گئے ہیں، اور 3316 عملہ تعینات ہے، جبکہ ووٹرز کی تعداد 5 لاکھ 36 ہزار 688 ہے۔ حلقہ این اے 247 میں 240 پولنگ اسٹیشن قائم ہیں، یہاں 976 بوتھ کیلئے 3260 کا عملہ کام کرے گا، جبکہ حقلے کے رجسٹرڈ ووٹر5 لاکھ 43 ہزار 964 ہیں۔ حلقہ این اے248 میں قائم 231 پولنگ اسٹیشنز کیلئے بنائے گئے 646 میں 3305 کا عملہ تعینات ہوگا، جبکہ یہاں 3 لاکھ 3 ہزار 258 ووٹر رجسٹرڈ ہیں۔ حلقہ این اے249 میں 257 پولنگ اسٹیشن قائم ہیں، جہاں بنائے گئے 664 بوتھ میں 3260 کا عملہ تعینات ہے۔ حلقہ این اے250 میں قائم 275 پولنگ اسٹیشنز میں 880 بوتھ بنائے گئے ہیں جہاں 3185 عملہ تعینات کیا گیا ہے۔ حلقہ این اے251 میں قائم 284 پولنگ اسٹیشنز میں 960 بوتھ بنائے گئے ہیں، جہاں 3296 عملہ تعینات ہے۔ حلقہ این اے252 میں قائم 155 پولنگ اسٹیشنز میں 495 بوتھ بنائے گئے ہیں، جہاں مکمل عملہ تعینات نہیں کیا جاسکا ہے۔ مذکورہ پولنگ اسٹیشنوں میں 1970 عملہ تعینات کئے جانے کی گنجائش ہے۔ ضلع وسطی کے حلقہ این اے253 میں قائم 268 پولنگ اسٹیشنز کیلئے954 بوتھ بنائے گئے ہیں، جبکہ عملے کی تعداد 3352 ہے، حلقے میں4 لاکھ 4 ہزار 53 ووٹر رجسٹرڈ ہیں۔ حلقہ این اے254 میں 306 پولنگ اسٹیشن قائم ہیں، جن میں 1162 بوتھ جبکہ عملے کی تعداد 3584 ہے، حلقے میں 5 لاکھ 6 ہزار 309 ووٹرز ہیں۔ حلقہ این اے255 میں 273 پولنگ اسٹیشن قائم ہیں، یہاں 1066 بوتھ میں 3322 کے قریب عملہ کام کرے گا، جبکہ یہاں ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 60 ہزار 110 ہے۔ حلقہ این اے 256 میں قائم 282 پولنگ اسٹیشنز میں 1128 بوتھ بنائے گئے ہیں، جہاں 3448 عملہ تعینات کیا گیا ہے۔ دوسری جانب الیکشن نتائج کی ترسیل کیلئے متعارف کی گئی ای آر ٹی ایس ایپلی کیشن کی سائٹ لنک ڈاؤن ہونے سے پریزائیڈنگ افسر اور سینیئر اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اتوار کے روز آر اوز کے دفاتر میں 250 سے زائد پریزائیڈنگ افسر اور سینیئر اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسر ایپلی کیشن رجسٹرڈ کرانے کیلئے پہنچے، مگر انہیں سائٹ لنک ڈاؤن ہونے پر گھنٹوں خوار ہونا پڑا۔ ذرائع نے بتایا کہ سائٹ ملک بھر کیلئے ہے، جسکی وجہ سے لوڈ بڑھنے پر یہ لنک ڈاؤن ہو گئی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More