انتخابات میں تھریٹ الرٹ۔سیاسی تصادم۔سیکورٹی پلان سے متعلق اجلاس طلب
کراچی (رپورٹ:نواز بھٹو)چیف سیکرٹری سندھ نے انتخابی مہم سے متعلق موصول تھریٹ الرٹس، مختلف اضلاع میں تصادم پولنگ سے متعلق سیکورٹی خدشات اور ایمرجنسی پلان سے متعلق آج (پیر ) علیٰ سطح کا اجلاس طلب کر لیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق انتخابی مہم کے آخری مرحلے میں خیر پور، سانگھڑ، نوشہرو فیروز، دادو، جیکب آباد، گھوٹکی اور دیگر اضلاع میں تصادم کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے چیف سیکریٹری نے اجلاس طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں ڈی جی رینجرز، متعلقہ محکموں کے سیکریٹریز، آئی جی سندھ، کمشنر کراچی، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، ایڈیشنل آئی جی کراچی، خفیہ اداروں کے سیکٹر کمانڈر، جوائنٹ ڈائریکٹر آئی بی ودیگر شریک ہونگے۔ اجلاس میں تمام کمشنرز، ڈی آئی جیز، خفیہ اداروں کےریجنل ہیڈ، سی ٹی ڈی، رینجرز، الیکشن کمیشن اورانٹیلی جنس کمیٹی کے حکام ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوں گے۔ اجلاس میں ہنگامی پلان کا بھی جائزہ لیا جائے گا اور موبائل سروس بند رکھنے کی تجویز پر بھی غور ہو گا۔ ۔