پی پی امید وار عزیز میمن کی جائیداد ضبطی کی اجازت

0

کراچی (رپورٹ: فرحان راجپوت) احتساب عدالت کراچی کے جج نے پیپلز پارٹی کے قومی اسمبلی کے حلقہ247 سے امیدوار عبدالعزیز میمن اور ان کی اہلیہ کے ہاکس بے،کے ڈی اے اسکیم اور ڈیفنس خیابان شمشیر پر واقع پراپرٹی سزا کے طور پر ضبط کرنے کی اجازت دیدی ہے جس میں 4 پلاٹ اور گھر شامل ہیں۔احتساب عدالت نے 2002 میں عبدالعزیز میمن اہلیہ فریدہ عزیز میمن کو آمدن سے زائد اثاثہ بنانے، کرپٹ پریکٹس اور کرپشن کا جرم ثابت ہونے پر 7 سال قید، 10 لاکھ روپے جرمانہ اور پراپرٹی ضبط کرنے کا حکم دیا تھا بعدازں عبدالعزیز میمن جرمانے کی ادائیگی اور عدالتی فیصلے کے بعد رہا ہو گے تھے جبکہ سپریم کورٹ نے اپیل پر فریدہ عزیز میمن کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے سزا کو ختم کر دیا تھا ان کی بطور ضمانت رقم واپس کرنے کا بھی حکم دیا تھا۔ پیر کے روز احتساب عدالت کراچی کے جج نے نیب کی درخواست پر وکلا طرفین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ جاری کیا ہے اور تحریر کیا ہے کہ قانون کے تحت نیب اتھارٹی کو اختیار حاصل ہے کہ عبدالعزیز میمن کیس سے منسلک پراپرٹی منجمد کرے اور 28جون 2002 کے احتساب عدالت کے فیصلے کے تحت متعلقہ ڈپٹی کمشنر کے ساتھ مل کر پراپرٹی ضبط کرنے کی کارروائی عمل میں لائے۔عدالت میں نیب کے وکیل نے عبدالعزیز میمن ان کی اہلیہ فریدہ عزیز میمن کی پراپرٹی ضبط کرنے کی درخواست دائر کرتے ہوئے بتایا کہ ہاکس بے اسکیم 42 بلاک 11 اور16 میں واقع 2 پلاٹ ،کے ڈی اے اسکیم ون اے ایکسٹینشن میں واقع پلاٹ اور ڈیفنس خیابان شمشیر فیز 5 میں واقع گھر ضبط کرنے کے لیے ڈپٹی کمشنر جنوبی کو احکامات جاری کیے جائیں تاکہ عدالتی احکامات کے تحت عبدالعزیز میمن اور فریدہ عزیز میمن کی پراپرٹی منجمد کی جائے۔ جس کے بعد پراپرٹی نیلام کر کے عوام کی لوٹی ہوئی رقم واپس حاصل کرنی ہے نیب کے وکیل نے متعلقہ عدالت ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کے فیصلے بھی منسلک کیے عدالت میں پیش کردہ ریکارڈ سے معلوم ہوا کہ 28 جون 2002 کے احتساب عدالت کے ملزمان کی پراپرٹی منجمد کرنے کے فیصلے کو سپریم کورٹ نے برقرار رکھا ہوا ہے عدالت نے فیصلے میں تحریر کیا ہے کہ ملزم عبدالعزیز میمن اور فریدہ عزیز میمن نے زیر دفعہ 517 سی آر پی سی کے تحت 2 علیحدہ علیحدہ درخواستیں دائر کرتے ہوئے عدالت سے استدعا کی تھی کہ ضبط کی جانے والی پراپرٹی کے ڈی اے اسکیم میں واقع 816.44اسکوائر یارڈ پلاٹ اور خیابان شمشیر پر واقع 600 اسکوائر یارڈ گھر فروخت کرنے کی اجازت دی جائے اس سے متعلق 3نومبر2016 کے عدالتی فیصلے میں لکھا ہوا ہے کہ ملزمان نے مذکورہ پراپرٹی کے entitlement کا دعویٰ ہی نہیں کیا تھا اور پہلے ہی ثابت ہو چکا ہے کہ ملزم عبدالعزیز میمن نے مذکورہ پراپرٹی کرپشن،کرپٹ پریکٹس اور حیثیت سے زائد اثاثہ سے بنائی تھی۔ سپریم کورٹ نے 3 نومبر 2016 کے فیصلے میں متعلقہ عدالت کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے پراپرٹی منجمد رکھا اس فیصلے کے بعد ملزمان نے سندھ ہائی کورٹ میں سی پی نمبر16 /6987 اور16/7101 داخل کی تھیں، عدالت عالیہ نے6 مارچ2018 کو مذکورہ درخواستیں مسترد کر دی تھیں اور سپریم کورٹ کے 3 نومبر 2016 کے فیصلے کو حتمی قرار دیا تھا، عدالت نے فیصلے میں تحریر کیا ہے ملزم عبدالعزیز میمن اور فریدہ عزیز میمن کو احتساب عدالت نے 28 جون2002 کو ناجائز منقولہ و غیر منقولہ جائیدادیں رکھنے سزا سنائی تھی فریدہ عزیز میمن کو کرپشن کی رقم سے جائیداد رکھنے پر سزا ہوئی تھی اسی عدالت نے نیب آرڈننس کی دفعہ(a)(v)کے تحت پراپرٹی منجمد کرنے کا حکم دیا تھا۔ اسی طرح سپریم کورٹ نے پراپرٹی منجمد کرنے کے فیصلے کو برقرار رکھا۔ جبکہ شواہد پیش نہ کرنے پر فریدہ عزیز میمن کی 7 سال کی قید کو ختم کردیا۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد انہیں ضمانت کی رقم بھی مل گئی تھی اسی طرح عبدالعزیز میمن 10 لاکھ کا جرمانہ ادا کرنے کے بعد عدالتی فیصلے پر رہا ہو گئے تھے۔ نیب کے تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ عدالتی احکامات وصول ہو گئے ہیں اور عبدالعزیز میمن کی پراپرٹی منجمد کرنے کے لیے ضروری دستاویزات تیار کر لی ہیں آئندہ دنوں ڈپٹی کمشنر جنوبی کو درخواست دیں گے ڈپٹی کمشنر کے ساتھ مل کر پراپرٹی ضبط کی جائے گی اور پھر آکشن کے ذریعے نیلام کر کے عوام کی لوٹی ہوئی رقم قومی خزانے میں واپس لائی جائے گی۔ عبدالعزیز میمن حلقہ 247 سے پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں اس حوالے سے عبدالعزیز میمن نے ’’امت‘‘ کو بتایا ہے کہ وہ 18 سال سے کیس لڑ رہے ہیں عدالتی فیصلہ ملنے کے بعد ہی بات کریں گے ان کا کہنا تھا کہ اب الیکشن میں ایک دن رہ گیا ہے وہ مصروف ہیں 2 سے 3 دن بعد مزید حقائق سے آگاہ کریں گے۔
٭٭٭٭٭
کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی اسمبلی کے حلقہ 247 سے پاکستان پیپلزپارٹی کے نامزد امیدوار عبدالعزیز میمن نے کہا ہے کہ شفاف انتخابات وقت کی ضرورت ہے۔ اگر ماضی کے دس برسوں کی طرح راتوں رات نتائج تبدیل نہ ہوں تو پیپلزپارٹی کلین سوئپ کرے گی۔ وہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کر رہے تھے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More