اسلام آباد (نمائندہ امت )الیکشن کمیشن کے سیکریٹری بابر یعقوب نے کہا ہے کہ کمیشن کو عام انتخابات الیکشن کے موقع پر امن و امان عامہ کے حوالے سے چیلنجز درپیش ہیں۔ہمیں اب تک دہشت گردی کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔وفاقی دارالحکومت میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بابر یعقوب نے کہا کہ 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے موقع پر ٹرن آؤٹ 2013 سے بھی زیادہ ہوگا اور قوم جمہوریت کا جشن منائے گی۔الیکشن کیلئے ملک بھر میں 85 ہزار58 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں۔ان میں سے 17 ہزار پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے۔الیکشن پر 8 لاکھ کے لگ بھگ سیکورٹی اہلکار تعینات ہوں گے ،جبکہ 8 لاکھ 19 ہزار کے لگ بھگ پولنگ عملہ ڈیوٹی دے گا۔رزلٹ منیجمنٹ سسٹم قانون کے تحت لازمی ہے اور ریٹرننگ افسران و ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اسی کے تحت ہی الیکشن کمیشن کو نتائج بھیجیں گے۔بابر یعقوب نے سوشل میڈیا پر بیلٹ پیپرز کے حوالے سے سامنے آنے والی تصاویر سے متعلق کہا کہ ’سوشل میڈیا پر تصاویر شیئر ہونے کے بعد ہم نے تحقیقات کی تو پتہ چلا کہ کچھ بیلٹ پیپرز پرانے الیکشن کے تھے، کہیں بلدیاتی حکومت کے بیلٹ پیپرز بھی نظر آئے ،جبکہ فرضی بیلٹ پیپرز بھی سامنے آئے۔بدھ کو شام6بجے تک پولنگ جاری رہے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ نتائج کا اعلان 7 بجے کے بعد ہی ہو گا۔ این اے 125لاہور میں ایک نالے سمیت 2 مقامات سے بڑی تعداد میں شناختی کارڈز ملنے کے حوالے سے سوال کے جواب میں سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ معاملے کی اطلاع ملنے پر انہوں نے نادرا سے رابطہ کیا ہے ،جنہوں نے ہمیں بتایا ہے کہ ملنے والے شناختی کارڈز زائد المیعاد ہیں ۔جن کے نام پر کارڈ ہیں ،انہیں نئے شناختی کارڈز جاری ہو چکے ہیں۔معاملے کی مزید تحقیقات بھی جا رہی ہیں۔بابر یعقوب نے واضح کیا کہ 25 جولائی کو قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی 9 نشستوں پر انتخاب نہیں ہوگا۔انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پراضافی نفری تعینات کی جائے گی،17007حساس پولنگ اسٹیشنز،سب سے زیادہ سندھ میں حساس پولنگ اسٹیشنز ہیں۔ پنجاب اور اسلام آباد میں 5487 پولنگ اسٹیشنز،،سندھ میں سب سے زیادہ 5878، خیبرپختونخواہ میں 3874، بلوچستان میں 1768پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس قرار دیے گئے ہیں۔ پولنگ مراکز پر 85 ہزار 307 پریزائیڈنگ افسران، 5 لاکھ 10 ہزار 356 اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران، 42 لاکھ 55 ہزار 178 پولنگ افسران خدمات انجام دیں گے۔131ڈی آر اوز، 840 سے زیادہ آراوز، 4 لاکھ 49 ہزار 465 پولیس اہلکار،3 لاکھ 70 ہزار سے زیادہ فوجی جوان تعینات ہوں گے۔ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز میں انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پرسی سی ٹی وی کیمرے نصب کیےجا چکے ہیں۔ریٹرننگ افسران صرف نئے نظام آرٹی ایس کے ذریعے ہی نتائج بھیجیں گے۔ ووٹرز کو چاہئے کہ وہ حق رائے دہی کے استعمال کیلئے اپنے اصل شناختی کارڈ پولنگ اسٹیشن لے کر جائیں۔ سیکریٹری الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کے پاس120 پارٹیاں رجسٹرڈ ہیں۔ ایک ہزار623 امیدوار آزاد حیثیت سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔
٭٭٭٭٭