شہداد پور کی نہر میں شگاف سے درجنوں گھر زیر آب
شہداد پور (نامہ نگار) شہداد پور کے قریب نہر میں شگاف پڑنے سے درجنوں گھر اور کالونیاں زیر آب آ گئیں، جس کے باعث ایک 7 سالہ بچہ ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق شہدادپور کے قریب واپڈا روڈ پر بہنے والی روہڑی کینال سے نکلنے والی سنگھر مائنر میں اچانک 20 فٹ شگاف پڑنے سے اس کے قریب قائم اعظم روشن کالونی، بسم اللہ ٹاؤن، گلشن ٹاؤن سمیت دیگر علاقوں میں پانی آ گیا۔ جس سے داؤد پٹھان، سکندر چانڈیو، جام لنجوانی، بدرو رند، خان خاصخیلی سمیت درجنوں افراد کے گھر زیر آب آگئے۔ جس سے ایک 7 سالہ بچہ عدنان جاں بحق ہوگیا ۔شگاف کی اطلاع پر آبپاشی اہلکاروں نے ہنگامی بنیاد پر پانی بند کرایا۔ اس موقع پر آبپاشی اہلکاروں نے بتایا کہ شہر میں بہت سارے بھینسوں کے باڑے ہیں، جن کی بھینس روز نہر میں نہانے آتی ہیں ،جس کی وجہ سے نہر کے پشتے کمزور ہوئے۔ اور یہ شگاف پڑا ہے ۔اب ان باڑہ مالکان کے خلاف مقدمہ درج کرایا جائے گا۔ ابتدا میں دیہات کے لوگ اپنی مدد آپ کے تحت شگاف کو بند کرنے کی کوشش کرتے رہے۔ تاہم بعد میں بھاری مشینری شگاف کو بند کرنے کے لیے پہنچ گئی اور شگاف بند کرنے کی کوششوں میں لگ گئی