میڈیا کو مکمل کوریج کی اجازت دی جائے-کے یوجے دستور
کراچی (اسٹاف رپورٹر )کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور) نے الیکشن کی کوریج کے لئے عائد پابندیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ شفاف، آزادنہ اورمنصفانہ انتخابات کے قیام کو یقینی بنانے کےلئے صحافیوں کو پولنگ اسٹیشن کے اندر مکمل کوریج کی نہ صرف اجازت دی جائے بلکہ اس حوالے سے درکار تعاون اورسہولیات بھی فراہم کی جائیں۔ منگل کو کے یوجے کے صدر طارق ابوالحسن اور سیکریٹری جنرل حامد الرحمن نے الیکشن کمیشن کو لکھے گئے ایک خط میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن پولنگ عملہ اور سیکیورٹی پر مامور اہلکار و افسران کو بھی واضح ہدایات جاری کردیں کہ وہ صحافیوں کے ساتھ تعاون کریں اور پولنگ کے پورے عمل کا جائزہ اور رپورٹنگ کی اجازت دیں۔کے یو جے نے کہا ہے منگل کو بھی مختلف مقامات پر صحافیوں کو پیشہ ورانہ خدمات کی انجام دہی سے روکا گیا ہے۔ اگر پولنگ والے دن بھی یہ سلسلہ جاری رہا تو اس سے پورا الیکشن کا عمل مشکوک ہوجائےگا۔