سستی موٹر سائیکل اسکیم فراڈ پر4 گرفتار

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر)شاہ فیصل کالونی انویسٹی گیشن پولیس نے سستی موٹرسائیکل اسکیم کے نام پرفراڈ کرنے والے 4 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ شاہ فیصل کالونی کی انویسٹی گیشن پولیس نے خفیہ اطلاع پر گلستان جوہر میں کارروائی کرتے ہوئے 4ملزمان دانش، کامران ، غلام فرید اور عبدالناصر کو گرفتار کرلیا ۔ڈی ایس پی شاہ فیصل کالونی قمر الزمان نے بتایا کہ ملزمان نے کچھ عرصہ قبل شاہ فیصل کالونی میں ایک کمپنی ایم این ایم کے نام سے کھولی ،جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ 42ہزار روپےکی موٹرسائیکل صرف 25ہزار روپے میں لے جائیں۔جس پر علاقے کے شہریوں نے رابطہ کیا تو ملزمان نے کہا کہ ایک موٹر سائیکل اسی شرط پر دی جائے گی جب آپ 3نئے ممبر لائیں گے۔ جس پر شہریوں نے جوق در جوق اپنے عزیزوں کے ہمراہ کمپنی کا رخ کرلیا اور بناءجانچ کیے پیسے جمع کرواتے رہے یہ سلسلہ اسی طرح جاری تھا کہ اچانک ملزمان دفتر بند کرکے فرار ہوگئے۔ملزمان کے فرار ہوتے ہی شہری مشتعل ہوگئے اور پولیس سے رابطہ کیا جس پر پولیس نے 197/18مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کی۔ تفتیشی افسرخالد آرائیں نے ’’امت‘‘ کو بتایا کہ ایک محتاط اندازے کے مطابق شہریوں کے کروڑوں روپے ڈوبے ہیں تاہم مکمل تفصیلات ملنے کے بعد ہی حتمی رقم کا معلوم ہو سکے گا۔ انہوں نے بتایاکہ گرفتارملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی کوشش کررہے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More