تحریک انصاف نے جعلی بیلٹ پیپرز ترسیل پر 5افراد پکڑوا دیئے
عمر کوٹ (نمائندہ امت) عمر کوٹ میں جعلی بیلٹ پیپرز کی ترسیل کے الزام پر تحریک انصاف نے 5 افراد پکڑوا دیئے۔ بیلٹ پیپرز جن پر فرضی نمایاں لکھا ہے کے ذریعے دیہی علاقوں کے لوگوں کو آگاہی دی جا رہی تھی، کہ تحریک انصاف کے کارکنوں کی اطلاع پر رینجرز نے جیپ پر چھاپہ مار کر فرضی بیلٹ پیپرز برآمد کر کے 5 افراد کو گرفتار کر کےپولیس کے حوالے کر دیا۔ جنہیں 5 گھنٹے سے زائد وقت تک پولیس نے تھانے میں بٹھائے رکھا۔ اور رات گئے تک ان کیخلاف کوئی مقدمہ بھی درج نہیں ہوا تھا۔ پولیس نے گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان میں انور سومرو، کھنگھار، حاکم، اقبال اور نواب شامل ہیں ،جن سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ حلقہ این اے 220 پر تحریک انصاف کے امیدوار شاہ محمود قریشی اور پیپلز پارٹی کے نواب یوسف تالپور کے درمیان ون آن ون مقابلہ ہے۔ دوسری جانب پی پی مرکزی رہنما نواب یوسف تالپور نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ مخالفین نے شکست کے خوف سے پروپیگنڈا شروع کر دیا ہے۔ انہں اپنی شکست صاف نظر آ رہی ہے، جس پر اوچھے ہتھکنڈے اختیار کرنے شروع کر دیئے ہیں، انہوں نے کہا کہ بیلٹ پیپرز پر فرضی نمایا ں لکھا ہونے کے باوجود ہمارے 5 افراد کو دھاندلی کے الزام پر گرفتار کرا دیا گیا۔ پیپلز پارٹی دھاندلی کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی۔ گرفتار افراد کو فوری رہا کیا جائے۔ جبکہ شاہ محمود کے چیف ایجنٹ لال مالہی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے دھاندلی کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ بیلٹ پیپرز ملنے پر پیپلز پارٹی کے امیدواروں پر مقدمہ درج کیا جائے۔