تلہ گنگ فائرنگ کے2 زخمی چل بسے-8 افراد کی اجتماعی نماز جنازہ
تلہ گنگ (نا مہ نگار) تلہ گنگ میںسانحہ دڑوٹ کے 2 زخمی دم توڑ گئے ، اس طرح ملزم سمیت مرنے والوں کی تعداد 9 ہوگئی۔ 8 افراد کی اجتماعی نماز جنازہ ادا کی گئی،متاثرہ گاؤں کے لوگوں نے مشترکہ طور پرفیصلہ کیا ہے کہ آج پولنگ میں حصہ نہیں لیں گے۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ ٹمن کے علاقہ دڑوٹ میں گزشتہ شام چھ بجے کے قریب فوج سے ریٹائرڈ شخص محمد سعید جس کا دماغی توازن درست نہیں تھا نے دڑوٹ اڈہ پر اچانک کلاشنکوف سے اندھادھند فائرنگ کر دی جس کی زد میں آکر 6 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ 6افراد شدید زخمی ہو گئے۔ واقعہ کے دوران بھگڈر مچ گئی اور لوگ جانیں بچانے ادھر ادھر بھاگنے لگے۔ واقعہ کے فورا ًبعد ملزم سعید نے بھی خودکشی کرلی تھی۔فائرنگ سے شدید زخمیوں کو راولپنڈی ریفر کیا گیا جہاں مزید 2افراد دم توڑ گئے۔ اس طرح مرنے والوں کی تعداد 9 ہو گئی۔ جن کی اجتماعی نماز جنازہ ادا کی گئی۔ ڈی پی او چکوال عادل میمن سمیت سیاسی و سماجی شخصیات نے بڑی تعداد میں جنازہ میں شرکت کی۔ دریں اثناء اس اندوہناک واقعہ کے بعد معزز علاقہ نے مشترکہ طور پر فیصلہ کیا کہ آج ہونے والے الیکشن کے موقع پر پولنگ عمل میں حصہ نہیں لیا جائیگا۔ادھر ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) عادل میمن نے کہا کہ مبینہ ملزم محمد سعید فوج سے ریٹائرڈ تھا ،4 شادیاں کی تھیں اور پہلی تین بیویوں کو طلاق دے چکا تھا جبکہ ان کی سابقہ بیوی کے ساتھ تنازع چل رہا تھا۔عادل میمن نے کہا کہ سعید اسی تنازع کے باعث ڈپریشن کا شکار تھا اور گاؤں والے انہیں پاگل تصور کرتے تھے جس کے باعث انہیں شیدا ملنگ سے پکارا جاتا تھا۔انہوں نے کہا کہ سعید کی کسی دشمنی نہیں تھی اور فائرنگ بھی انہوں نے ڈپریشن کی حالت میں کی۔ڈی پی او نے کہا کہ ہمیں ان کی چوتھی بیگم کی تلاش ہے جو ان کے ساتھ رہتی تھی تاہم وہ اس وقت گھر میں موجود نہیں ۔