پولیس اہلکاروں کورات کا کھانا اور ناشتہ نہیں ملا
کراچی(اسٹاف رپورٹر) شہر میں پولنگ ڈیوٹیوں پرتعینات بیشتر پولیس اہلکار صبح سے دوپہر تک بھوکے پیاسے رہے ۔ حلقہ NA-254میں پولنگ اسٹیشنوں پرموجود پولیس اہلکار رات سے ڈیوٹی پر ہونے کے باوجود رات کے کھانے اور صبح کے ناشتے سے محروم ہونے کا شکوہ کرتے دکھائی دئیے ، بعض پولیس اہلکاروں نے نام شائع نہ کرنے کے شرط پر بتایا کہ ہماری ڈیوٹی پولنگ اسٹیشنوں میں گزشتہ رات سے ہی لگائی گئی ہے مگر ہمیں حکام بالا کی جانب سے نہ تو رات کا کھانا فراہم کیا گیا اور نہ ہی ناشتے کا کوئی بندوبست تھا جس کی وجہ سے زیادہ تر پولیس اہلکار نزدیک موجود ہوٹلوں پر چائے پی کر آئے ہیں اور اب پورا دن پولنگ اسٹیشنوں میں گزارنا ہے ، ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم لوگوں کو دور دراز سے لا کر ان علاقوں میں تعینات کیا گیامگر ہمارے کھانے پینے کا بندوبست نہ کرنا ظاہرکرتا ہے کہ افسران کو ہماری کوئی پرواہ نہیں ہے،ہمیں اپنے پیسوں سے کھانا اور ناشتہ خریدنا پڑا ہے ۔اسی طرح این اے247میں بیشتر پولیس اہلکار بھوکے پیاسے اپنی ڈیوٹیاں انجام دیتے نظر آئے۔ایک پولیس اہلکار نے امت کو بتایا کہ صبح 6بجے سے ہمیں پولنگ اسٹیشنز پر تعینات کیا گیامگر ناشتہ نہیں ملا۔ لیاری میں پولیس اہلکاروں نے بھی کھانا اور پانی نہ ملنے کا شکوہ کیا۔