حق رائے دہی سے لا تعلق مزور دیہاڑی لگانے میں مصروف رہے
راولپنڈی(رپورٹنگ ٹیم)اپنے خاندان کا پیٹ پالنے کےلیے دن رات ایک کرنےو الے دیہاڑی دار مزدور ووٹ کے جمہوری حق سے بے پروا محنت مزدوری میں مصروف دکھائی دیے۔ جڑواں شہروں میں زیر تعمیر عمارتوں پر کام کرنے والے مزدوروں کے علاوہ شہر میں مختلف مقامات پر ٹھیلے اور ریڑھیاں لگانے والا مزدور طبقہ 25جولائی کو الیکشن کی گہما گہمی سے الگ تھلگ شام کو بچوں کی روزی روٹی کے بندوبست میں مصروف رہا ’’امت‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے سکستھ روڈ کے قریب زیر تعمیر عمارت میں اینٹیں چننے والے مزدور عبدالشکور کا کہنا تھا کہ جمہوریت اور ووٹ کے حق سے ان کے بچوں کا پیٹ نہیں بھرتا اس لیے ہم آج بھی مزدوری کر رہے ہیں۔ ایک عمررسیدہ مزدورمحمد شفا نے کہا کہ گزشتہ کئی برسوں سے مختلف پارٹیوں کو ووٹ دیے، لیکن نہ ملک میں کوئی تبدیلی دیکھی اورنہ ہماری حالت بدلی۔ ہم نے مزدوری کر کے جو کمانا ہے وہی کھانا ہے۔ اس لیے اب سیاست اور سیاست دانوں سے کوئی دلچسپی نہیں رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ووٹ کاسٹ کرنے یا نہ کرنے کو ئی فرق نہیں پڑتا ۔نمائندہ وہی جیتنا ہے جسےامیر لوگ سپورٹ کرتے ہے ۔ ان کا کہنا تھا اگر ہم ووٹ دینے جائیں تو ہمارا پورادن ضائع ہوجائے گا اور مزدوری سے محروم ہوجائیں گے۔ مزدوری سے محروم ہوئے تو شام کو بچوں کو کیا کھلائیں گے۔