بے روزگار ہونے والے کرکٹرز کیلئے نیا در کھل گیا
کراچی(امت نیوز) بے روزگار ہونے والے کرکٹرز کیلیے نیا در کھل گیا، یو بی ایل سے فارغ ہونے والے کرکٹرز میں سے8 کو نیشنل بینک میں ملازمت دی جا رہی ہے، ان میں شان مسعود، محمد نواز اور رومان رئیس بھی شامل ہیں۔یو بی ایل کرکٹ ٹیم کی بندش سے ایک ساتھ کئی کرکٹرز بے روزگار ہو گئے تھے، سابق کپتان یونس خان نے کوشش بھی کی لیکن اس کے باوجود حکام نےفیصلہ تبدیل نہیں کیا۔دوسری جانب نیشنل بینک نے گذشتہ سیزن میں غیرمعیاری کارکردگی کے بعد ہنگامی اقدامات کا فیصلہ کرلیا، اس کے نتیجے میں سابق ٹیسٹ اسپنر اقبال قاسم پی سی بی ہائی پرفارمنس سینٹر کے سربراہ کی ذمہ داری چھوڑ کر دوبارہ بینک سے منسلک ہو گئے۔ذرائع کے مطابق اب ٹیم کو بھی نئے سرے سے تشکیل دیا جا رہا ہے، فوری طور پر 9 کرکٹرز کو ملازمتیں دی جائیں گی۔ یو بی ایل سے فارغ ہونے والے کھلاڑیوں میں سے8کو نیشنل بینک میں ملازمت ملے گی۔