سراج الحق 17ہزار-احمدحسن35ہزار-زاہدخان30ہزارووٹوں سے ہارے
چکدرہ (نمائندہ امت) پی ٹی آئی نے دیر میں بڑے بڑے برج الٹ دئیے ، جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سنیٹر سیراج الحق 17 ہزار ، پیپلز پارٹی کے سنیٹر احمد حسن خان 35 ہزار اور اے این پی کے مرکزی ترجمان سنیٹر زاہد خان 30 ہزار ووٹوں سے ہار گئے،سابق صوبائی وزراء مظفر سید ،محمود زیب خان ، بخت بیدار سمیت سابق ممبران اسمبلی بھی اپنے نشستوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ، دیر پائین کی دو قومی اور پانچ صوبائی نشستوں پر جماعت اسلامی کو ایک بھی نہیں ملی ،دیر پائین سے اے این پی کو ایک صوبائی نشست پر کامیابی ہوئی جبکہ باقی تمام نشستوں پر پہلی مرتبہ پی ٹی آئی کے امیدوار کامیاب قرار پائے ۔ دیر پائین کے مختلف ریٹرننگ آفیسرز کی طرف سے جاری ہونے والے غیر حتمی نتائج کے مطابق این اے 6 سے پی ٹی آئی کے ا میدوار محبوب شاہ نے 63440ووٹ لیکر کامیاب ہوئے ان کے مد مقابل ایم ایم اے کے مولانا اسد اللہ 36665ووٹوں کے ساتھ دوسرے ،عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان سنیٹر ذاہد خان 30682ووٹوں کے ساتھ تیسرے اور پیپلز پارٹی کے سنیٹر احمد حسن خان 27774ووٹوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہے ، این اے 7 دیر پائین دو سے پی ٹی آئی کے محمد بشیرخان نے 63017 ووٹ لیکر جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سنیٹر سیراج الحق کو 16977ووٹوں سے شکست دی جنہوں نے 46040 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے ، پی کے 13دیر پائین ون سے پی ٹی آئی کے محمد اعظم خان نے 21666 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے جن کے مد مقابل ایم ایم اے کے شاد نواز خان 18537ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے ، پی کے 14ادینزئی سے بھی پی ٹی آئی کے میدوار ہمایوں خان نے 19600ووٹ لیکر پیپلز پارٹی کے ا میدوار بخت بیدار کو 1361ووٹوں سے شکست دی جنہوں نے 18239ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے ،یہاں سے ایم ایم اے کے امیدوار ڈاکٹر ذاکر اللہ خان نے 14541ووٹوں کے ساتھ تیسرے ، اے این پی کے حسین شاہ 9279 ووٹوں کے ساتھ چوتھے ، تحریک لبیک کے محمد ابراہیم 3821ووٹوں کے ساتھ پانچویں ، لیگ ن کے سید غنی چھٹے اور آذاد امیدوار حیدر علی ساتویں نمبر پر رہے ، پی کے 15سے پی ٹی آئی کے امیدوار شفیع اللہ نے 21001لیکر کامیابی حاصل کی جبکہ پیپلز پارٹی کے سابق صوبائی وزیر نواب ذادہ محمود زیب 16958ووٹوں کے ساتھ دوسرے اور ایم ایم اے کے مظفر سید 15880ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے ، پی کے 16سے عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار حاجی بہادر خان نے 18712ووٹ لیکر ایم ایم اے کے اعزاز الملک افکاری کو شکست دے دی جنہوں نے 16100 ووٹ لیکر دوسری پوزیشن پر رہے ،یہاں سے پی ٹی آئی کے سربلند خان تیسرے نمبر پر رہے دیر پائین کی پانچویں صوبائی نشست پی کے 17پر پی ٹی آئی کے لیاقت علی خان نے 22693ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے جبکہ ایم ایم اے کے سعید گل جو سابق پارلیمانی سیکرٹری رہے نے 18289ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے ، مجموعی طور پر دیر پائین کے دو قومی اور پانچ صوبائی حلقوں میں پی ٹی آئی نے چھ نشستیں اپنے نام کردیں اسی طرح دیر پائین کی تاریخ میں پہلی بار جماعت اسلامی کو ناقابل یقین شکست کا سامنا کرنا پڑا جس میں تمام نشستوں پر شکست ہوئی ہو ۔