شاہ محمود وزارت اعلی پنجاب کی دوڑ سے باہر

0

لاہور/اسلام آباد(امت نیوز) پنجاب اسمبلی میں قابل ذکر نشستوں کے حصول کے بعد پنجاب میں بھی تحریک انصاف حکومت بنانے کی پوزیشن میں دکھائی دے رہی ہیں تاہم وزارت اعلی کی دوڑ سے پارٹی کے وائس چئیرمین شاہ محمود قریشی باہر ہوگئے ہیں۔انہیں صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 270 سے آزاد حیثیت میں پارٹی کے باغی کارکن نے ہی شکست دی۔دوسری جانب مسلم لیگ ن کے ناراض رہنما چوہدری نثار کو پارٹی سے بغاوت راس نہیں آئی۔ وہ بمشکل ایک صوبائی سیٹ ہی جیت سکے ۔باقی 3 حلقوں سے ہار گئے۔ غیر حتمی و غیر سر کاری نتائج کے مطابق سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار قومی اسمبلی کی دونوں نشستیں پی ٹی آئی کے ایک ہی امیدوار غلام سرور سے ہار گئے۔سابق وزیر داخلہ اپنی آبائی نشست این اے 59 سے بھی ہاتھ دھو بیٹھے جہاں سے پچھلے 9 انتخابات میں وہ کامیاب ہوتے آرہے تھے۔ اس بار فرق صرف آزادکھڑے ہونے کا تھا اس سے قبل وہ مسلم لیگ کے ٹکٹ پر انتخاب لڑتے تھے۔اس نشست پر انہیں66ہزار366 جبکہ ان کے دیرینہ حریف کو 89 ہزار 55 ووٹ ملے جب کہ این 63 پر سابق وزیر داخلہ 55ہزار 767 ووٹ ہی حاصل کرسکے جب کہ غلام سرور نے ایک لاکھ 986 ووٹ حاصل کیے۔پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 12 راولپنڈی سے بھی پی ٹی آئی کے واثق قیوم عباسی جیت گئے البتہ پی پی 10کی نشست جیتنے میں چوہدری نثار کامیاب رہے جہاں انہوں نے 53 ہزار 145 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مخالف نصیر الحسنین کو 22 ہزار 253 ووٹ ملے۔ن لیگ کے ایک اور باغی زعیم قادری بھی پی پی 168 سے ہار گئے جہاں سے خواجہ سعد رفیق 34 ہزار 114 ووٹ حاصل کرکے جیتے۔ادھر ملتان کے حلقہ پی پی 270 سے تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کواپ سیٹ شکست ہوئی۔جہاں ٹکٹ نہ ملنے پر پی ٹی آئی کے نوجوان رہنما سلمان نعیم نے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا اور 33ہزار 294 ووٹ حاصل کئے۔جب کہ شاہ محمد قریشی 31 ہزار716 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔خیال کیا جارہا تھا کہ پنجاب میں حکومت سازی کی صورت میں شاہ محمود وزیراعلی بنیں گے تاہم اس ناکامی کے بعد وہ اس دوڑ سے باہر ہوگئے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More