کے پی ٹی میں جعلی بھرتی کیس میں ریفرنس کیلئے نیب کو مہلت
کراچی (اسٹاف رپورٹر)احتساب عدالت نےکے پی ٹی میں جعلی بھرتیوں سے متعلق کیس میں نیب کو ریفرنس دائر کرنے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت8 اگست تک ملتوی کردی ہے ۔جمعہ کے روزسماعت کے دوران ملزم سابق چئیرمین کے پی ٹی جاوید حنیف کے خلاف ریفرنس پیش نہ کیا جاسکا ۔ تفتیشی افسر نے مؤقف اختیار کیا کہ ریفرنس منظوری کے لئے چئیرمین نیب کو ارسال کردیا گیا ہے۔ ریفرنس تیار ہے ایک مفرور ملزم بابر غوری کو گرفتار کرنا ہے۔ لہذا وقت دیا جائے۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو ریفرنس پیش کرنے کے لئے مہلت دیتے ہوئےسماعت8 اگست تک ملتوی کردی۔غیر قانونی بھرتیوں سے قومی خزانے کو 2ارب روپے سے زائد کا نقصان پہنچایا گیا ہے۔ علاوہ ازیں احتساب عدالت کے منتظم جج نے پی ایس او اسکینڈل میں نیب کی جانب سے گرفتار 2 ملزمان سابق جنرل مینجر پی ایس او سید ذوالفقار علی جعفری اورسینئرجنرل مینجر پی ایس او سید نذر علی زیدی کے جسمانی ریمانڈ میں 2 اگست تک توسیع کردی ہے ۔جمعہ کے روز احتساب عدالت کے منتظم جج کے روبرو نیب کی جانب سے پی ایس او اسکینڈل میں نیب کی جانب سے گرفتار دونوں ملزمان کو پیش کیا گیا۔ تفتیشی افسر کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ ملزم سید ذوالفقار علی جعفری کو اسلام آباد جبکہ نذر علی زیدی کو گلگت بلتستان سے گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزمان کی ملی بھگت سے قومی خزانے کو 63 ارب سے زائد کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔