بارش سے حادثات -پنجاب -اسلام آباد میں 14جاں بحق
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب اور اسلام آباد میں بارش کے نتیجے میں چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے کے واقعات میں 14افراد جاں بحق اور 10زخمی ہوگئے ہو گئے جبکہ صوابی میں پل سیلابی ریلے میں بہہ گیا ۔ لاہور اور اس کے ملحقہ علاقوں میں رات گئے بادل جم کر برسے جس سے موسم تو خوشگوار ہوگیا تاہم کئی گھروں میں صف ماتم بچھ گیا۔ موسلا دھار بارش سے چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے کے واقعات میں 7افراد جاں بحق جبکہ5افراد زخمی ہوگئے۔ اسلام آباد کے جی سکس ون ٹومیں شارٹ سرکٹ کے باعث تین بچوں سمیت چارافراد جاں بحق ہوگئے۔ امدادی ذرائع کے مطابق بارش کے باعث بجلی کا کرنٹ چھت کے ذریعے کمرے تک پہنچا۔شیخوپورہ کے نواحی علاقے بھکھی میں بھی طوفانی بارش کے باعث مکان کی چھت گرگئی۔ ملبے تلے دب کر ماں اوردو بیٹیوں سمیت تین افراد جاں بحق ہو گئے۔ شیخوپورہ میں ہی ساھوکی ملیاں میں مکان کی چھت گرنے سے 5افراد زخمی ہوگئے۔دوسری جانب صوابی میں بھی موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ دو دیہات کو ملانے والا پل سیلابی ریلےمیں بہہ گیا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن میں کہیں کہیں بادل برس سکتے ہیں۔