سول اسپتال کو آلودہ پانی کی فراہمی سے عملے – مریضوں کو خطرات

0

کراچی( رپورٹ : صفدر بٹ) سول اسپتال کراچی میں آلودہ پانی کی فراہمی سےاسپتال آنے والے شہریوں اور ملازمین کی صحت کو شدید خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت سندھ کے سب سے بڑے اسپتال ، ڈاکٹر رتھ کے ایم فاؤ سول اسپتال کراچی میں واٹر بورڈ کی جانب سے کئی ہفتوں سے سیوریج ملا پانی سپلائی ہورہا ہے ، جس کے باعث مریضوں، تیمارداروں کے علاوہ اسپتال میں رہائش پذیر ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف و دیگر ملازمین آلودہ پانی استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سول اسپتال میں واٹر بورڈ کی جانب سے فراہم کئے جانے والے صاف پانی کی لائن میں سیوریج کی لائن مل جانے سے اسپتال میں گزشتہ کئی ہفتوں سے سیوریج ملا انتہائی آلودہ پانی آرہا ہے، جس کے باعث طبی و نیم طبی عملے اور یومیہ ہزاروں کی تعداد میں آنے والے مریضوں اور ان کے اہل خانہ کو سنگین خطرات لاحق ہیں، اور ان کے ہیپا ٹائٹس ، ٹائیفائیڈ ، گیسٹرو سمیت دیگر امراض میں مبتلا ہونے کا خدشہ ہے ۔سول اسپتال کے ملازمین کا کہنا ہے کہ گزشتہ دنوں اسپتال کے زیر زمین ٹینک سے پانی کا نمونہ لے کر جانچ کرائی گئی تو انکشاف ہوا کہ پانی سیوریج کا پانی شامل ملنے کے باعث پینے کے قابل نہیں۔اسپتال کی رہائشی کالونی میں رہنے والے ملازمین کا کہنا ہے کہ وہ اسپتال کے ٹینک سے گھروں میں آنے والے پانی کو کھانا پکانے اور پینے میں استعمال نہیں کرتے کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ یہ انتہائی آلودہ اور صحت کیلئے خطرناک ہے، تاہم مجبوری کے عالم میں اس پانی کو دیگر گھریلو استعمال میں لا رہے ہیں۔اس حوالے سے ’’امت‘‘ کے رابطہ کرنے پر اسپتال انتظامیہ کا کہنا تھا کہ اسپتال کے ٹینکوں کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کی جاتی ہے اور کلورین کی ٹیبلیٹ ڈالنے کے علاوہ ہر چند ماہ بعد صفائی بھی کرائی جاتی ہے ۔پانی میں سیوریج کا پانی شامل ہونے سے متعلق سوال پر انہوں نے بتایا کہ نمونوں کی جانچ کرانے پر سیوریج کا پانی مکس ہونے کا معلوم ہوتے ہی واٹر بورڈ حکام کو تحریری شکایت ارسال کی تھی اور انہیں آگاہ کیا تھا کہ اسپتال میں آلودہ پانی فراہم ہونے سے انسانی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔اس لئے ہنگامی بنیادوں پر صاف پانی کی فراہمی کے انتظامات کئے جائیں، جس کا واٹر بورڈ حکام کی جانب سے تاحال کوئی نوٹس نہیں لیا گیا ہے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More