کشمیر پر اقوام متحدہ میں پاک ۔بھارت مندوبین کی جھڑپ
نیویارک(ایجنسیاں)اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر پر بحث مباحثے کے دوران پاکستان اور بھارت کے مندوبین کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔ پاکستان نے بھارت کو دہشتگردی پھیلانے کا ذمہ دار ٹھہرا جبکہ بھارت کے مستقل مندوب سری نواس نے سیخ پا ہوتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے ہر اجلاس میں مسئلہ کشمیر اٹھانے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے ۔اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے ایک بار پھر کشمیر پر سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج جگہ جگہ پر فوج نوجوانوں پر گولیوں اور بیلٹ گن کا استعمال کررہی ہے اوربے گناہوں کا خون بہایا جارہا ہے۔ بھارت کے قول و فعل میں تضاد ہے۔ اس موقع پر بھارتی مندوب سری نواس نے ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان باتوں کا بھارت پر اثر نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے ہرزہ سرائی کی کہ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے۔