پی ٹی آئی پرچم میں لپٹا کتا مارنے والے 2 ملزم گرفتار
بنوں(نمائندہ امت )تحریک انصاف کے پرچم میں لپٹے کتے کو فائرنگ کر کے ہلاک کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں چند ملزمان نے پی ٹی آ ئی کے پرچم میں کتے کو بذریعہ پستول فائرنگ کرکے مار ڈالا ، جس کے متعلق معلومات کی گئی تو معلوم ہوا کہ حضرت عمر ولد گل بشیر خان ، نصیر اللہ ولد قدر جان ، حسین اللہ ولد نصیب خان ، اقتو جان ولد اللہ جان نے واردات کی ہے اور ایک بے زبان جانور کو بے دردی سے فائرنگ کرکے مار ڈالا نیز کتے پر تحریک انصاف کا جھنڈا بھی لپیٹا تھا جوکہ اس پارٹی کی تضحیک کی گئی امن عامہ میں خلل ڈالنے ، انتشار پھیلانے کی کوشش کی گئی ہے اور پارٹی ورکرز کو ایک خاموش دھمکی دی گئی ہے۔ خیال رہے کہ چند روز قبل کراچی میں بھی ایک گدھے پر نواز شریف کا نام لکھ کر اسے تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا جو بعدازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے مر گیا تھا۔