کراچی میں ایک امیدوار کو کئی بار جتوایا-ہر وایا گیا-مصطفیٰ کمال
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) سربراہ پاک سر زمین پارٹی مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہم نےآکر الطاف حسین کا خوف ختم کیا، شہر میں امن ہمارے فارمولے سے آیا ہے، کراچی میں واقعی پی ٹی آئی نے کمال کر دیا، ایک ہی دن میں ایک ہی بندے کو 2،2 3،3 بار ہر وایا بھی جا رہا ہے اور جتوایا بھی جا رہا ہے، یہ پہلی دفعہ ہوا ہے کہ 2 یا 3 ڈبے کھولنے کے بعد پولنگ ایجنٹ کو باہر نکال دیا گیا۔ ڈیرہ بگٹی ، فاٹا اور افغانستان کی سرحد سے تمام رزلٹ آگئے اور کراچی سے 2 دن بعد رزلٹ آ رہے ہیں، ہم تمام نتائج مسترد کرتے ہیں۔میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ را ایجنٹ کو یہاں پروٹوکول دیا جاتا ہے، لیکن ملک کیلئے جان دینے والوں کیلئے مشکل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آرمی اور رینجرز تو 30 سال سےشہر میں ہے، لیکن وہ الطاف حسین کو نہیں روک سکے، اگر اس کیخلاف کچھ کیا ہوتا تو لاکھوں لوگ ووٹ نہیں دیتے، یہ سب کچھ ہم نے کیا، ہم نےالطاف حسین کا خوف ختم کیا ہے، الطاف کے خوف کا یہ تھا کہ وہ جب کال کرتے تھے تو لوگ گم سم ہو جاتے، ہم نے ان لوگوں پر کام کیا، ان کے ذہنوں پر کام کیا۔ انہوں نے کا کہ ڈبہ ہمارے سامنے کھلتا اور ووٹ ہمارے خلاف نکلتے تو میں ہار مان جاتا لیکن اس طرح نہیں ہوا، ہمیں آر اوز سے نتائج لینے کا کہا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لوگوں کو وہاں سےنکال کر نتیجہ تبدیل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں یہ پہلی بار ہوا ہے کہ کراچی کا رزلٹ نہیں آیا، وگرنہ سب سے پہلے کراچی کا رزلٹ آتا تھا، فاروق ستار ، ڈاکٹر صغیر، فیصل سبزواری اور شہباز شریف والا حلقہ کھول دیں، پتہ چل جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا انتخابی نتائج کے معاملے پر عدالت نہیں جائیں گے، جمہوری راستہ اختیار کرینگے اور اے پی سی میں جو فیصلہ ہوگا اس کیساتھ چلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب میں ایم کیو ایم میں تھا تب فاروق ستار ہم سے پوچھ کر کمرے میں آتے تھے، وہ کبھی بھی رابطہ کمیٹی میں نہیں تھے، یہ سب لائنوں میں لگے رہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں کارکنوں کے سامنے اپنی بات رکھوں گا، جسکے بعد سب کو نام بتاؤں گا کہ جبر کون کرتا ہے۔