مویشی منڈیوں کیلئے کنٹی جینسی پلان پرعملدرآمد یقینی بنایا جائے -آئی جی
کراچی(اسٹاف رپورٹر) آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی نے کہا ہے کہ سپرہائی وے سمیت باقاعدہ اجازت کے تحت قائم مویشی منڈیوں کے لئے فول پروف سیکورٹی اقدامات پر مشتمل کنٹی جینسی پلان پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور غیر قانونی منڈیوں کیخلاف موثر کارروائی کی جائے ۔ آئی جی سندھ نے کہا کہ سپرہائی وے مویشی منڈی کو جانے اور آنیوالے تمام مرکزی اور ذیلی راستوں سمیت اطراف کے علاقوں کا تھانوں کی سطح پر سروے کیا جائے اور جرائم سے ممکنہ طور متاثرہ علاقوں میں باقاعدہ سرویلنس اور نشاندھی کے تحت کامیاب چھاپہ مارکاروائیوں کو یقینی بنایا جائے۔،مویشیوں کے بیوپاریوں اور خریداروں کی سیکورٹی کے لیئے ہائی ویزودیگر شاہراہوں پرتھانوں کی سطح پر پیٹرولنگ پکٹنگ اور رینڈم اسنیپ چیکنگ کو مزید سخت کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مویشیاں منڈیوں میں خریداروں اور بیوپاریوں کے تحفظ کے لیئے عارضی پولیس پکٹس کے قیام کے علاوہ کار/موٹر سائیکل پارکنگ لاٹس پربھی سیکیورٹی اور ٹریفک کے جملہ اقدامات کو غیر معمولی بنایا جائے۔