دہری شہریت-سرکاری گاڑیاں واپس نہ کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)نگران سندھ حکومت نے کوائف جمع نہ کرانیوالے دہری شہریت کے حامل افسران اور سرکاری لگژری گاڑیاں واپس نہ کرنے والے سابق وزرا اور افسران کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق دہری شہریت اور لگژری گاڑیوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کیلئے نگران سندھ کابینہ کا اجلاس آج ڈیڑھ بجے طلب کر لیا گیا ہے۔ جس میں عدالتی فیصلے پر عمل درآمد نہ کرنے اور غیر قانونی طور پر لینڈ کروزر، پراڈو اور پجیرو سمیت دیگر لگژری گاڑیاں رکھنے والے افسران اور سابق وزرا کیخلاف کارروائی کی منظوری دی جائے گی۔ نگران وزیر اعلیٰ کی طرف سے متعدد بار متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ سابق وزرا و افسران سے سرکاری گاڑیاں واپس لینے کیلئے سخت اقدامات کئے جائیں، تاہم اس سلسلے میں کوئی کارروائی نہیں کی گئی، جبکہ دہری شہریت سے متعلق بھی سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد نہیں کیا جا رہا اور افسران کوائف جمع نہیں کروا رہے ہیں۔ کابینہ اجلاس سے قبل صبح 10 بجے چیف سیکریٹری کی صدارت میں بھی ایک اعلیٰ سطحی اجلاس ہوگا، جس میں تمام سیکریٹری شرکت کریں گے اور سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عمل درآمد اور اس ضمن میں اقدامات سے متعلق رپورٹ پیش کریں گے۔ اجلاس میں سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عمل درآمد، دہری شہریت اور کوائف جمع نہ کروائے جانے سے متعلق امور پر غور کیا جائے گا اور کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔ اجلاس میں صوبے کے اسکولوں اور کالجوں کی بحالی اور ایم اینڈ آر کے بجٹ کے استعمال کے امور پر بھی غور کیا جائے گا اور اس حوالے سے فارمولہ بنایا جائے گا۔