سینیٹ میں اپوزیشن کی دوتہائی اکثریت سے نئی حکومت کیلئے مشکلات
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)نئی حکومت آنے پر سینیٹ میں نشستوں میں ردوبدل ہوجائے گا، تحریک انصاف کے ارکان اپوزیشن بینچوں سے اٹھ کر حکومتی بینچوں پر براجمان ہوجائیں گے ۔ نئی حکومت میں شامل اتحادی بھی ان کے ساتھ بیٹھیں گے تاہم ایوان بالا میں اپوزیشن کو دوتہائی اکثریت حاصل ہے نئی حکومت سینیٹ میں سخت مشکلات سے دور چار رہے گی ۔رپورٹ کے مطابق نئی حکومت کے بعد ایوان بالا کا ہنگامہ خیز اجلاس ہوگا۔ سینیٹ میں اہم تبدیلیاں وقوع پذیر ہوں گی نشستوں میں ردوبدل ہوجائے گا۔ تحریک انصاف اور اس کی اتحادی جماعتیں حکومتی بینچوں پر آجائیں گی ۔ اپوزیشن کو ایوان بالا میں دو تہائی اکثریت حاصل ہے جس کے باعث نئی حکومت کو ایوان بالا میں کسی بھی آئینی ترمیم اور قانون سازی کے سلسلے میں شدید مشکلات کا سامنا ہوگا۔ اپوزیشن جماعتوں میں مسلم لیگ ن ، پیپلزپارٹی ،مجلس عمل ،عوامی نیشنل پارٹی ،پشتونخوا ملی عوامی پارٹی،نیشنل پارٹی قابل ذکر ہیں جبکہ تحریک انصاف فی الحال ایوان میں تنہاء ہے ۔ نئی حکومت میں شامل جماعتیں سینیٹ میں اس کے ساتھ حکومتی بینچوں پر بیٹھیں گی ۔ اکثریتی جماعت ہونے کے باعث چیئرمین سینیٹ مسلم لیگ ن سے نئے قائد حزب اختلاف کا تقرر کریں گے ممکنہ طور پر راجہ ظفرالحق ہی آئندہ کے اپوزیشن لیڈر ہوں گے ۔ وزیراعظم اپنے بااعتماد سینیٹر کو تحریک انصاف سے قائد ایوان مقرر کریں گے ممکنہ طور پر سینیٹر شبلی فراز قائد ایوان ہوسکتے ہیں کیونکہ پارلیمانی رہنما سینیٹر اعظم سواتی کی وفاقی کابینہ میں نامزدگی متوقع ہے ۔