ووٹ کی رازداری ظاہر کرنےکے معاملے پرعمران کی آج پیشی
اسلام آباد (خبرایجنسیاں)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ووٹ کی راز داری ظاہر کرنے کے معاملے پر آج پیر کو الیکشن کمیشن میں پیش ہوں گے،جبکہ تحریک انصاف کاکہناہے کہ اس معاملے میں ذمہ دارمتعلقہ پولنگ سٹاف ہے۔الیکشن کمیشن عمران خان کی جانب سے ووٹ کی راز داری ظاہر کرنے کے معاملے پر پیر کی صبح 10 بجے سماعت کرے گا۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے25 جولائی کوعمران خان کو ووٹ کی رازداری ظاہر کرنے پر نوٹس جاری کیا تھا جس میں عمران خان کو 30 جولائی کو الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہونے کا کہا گیا تھا۔نوٹس میں کہا گیا تھا کہ عمران خان ذاتی حیثیت یا وکیل کے ذریعے الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوسکتے ہیں۔دریں اثناتحریک انصاف نے کہاہے کہ اس معاملے میں متعلقہ پولنگ سٹیشن کا عملہ ذمہ دارہے جس نے رازداری سے ووٹ ڈالنے کی جگہ فراہم نہیں کی تھی۔