جوڈو ماسٹر قیصر خان کی یوتھ المپک میں شرکت یقینی
اسلام آباد(امت نیوز) یوتھ اولمپک کوالیفکیشن رائونڈ اختتام پذیر ہوگیا ہے تاہم انٹرنیشنل جوڈو فیڈریشن کھلاڑیوں کی حتمی فہرست یکم اگست کو جاری کی جائے گی، قومی کھلاڑی قیصر خان نے مکائو میں ہونے والے ایونٹ میں چاندی کا تمغہ جیت کر یوتھ اولمپک کیلئے ان کی راہ ہموار ہوچکی ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان جوڈوفیڈریشن کے نائب صدر اور ڈائریکٹر میڈیا مسعود احمد خان نے بتایا کہ فیڈریشن نے قومی کھلاڑی قیصر خان کو یوتھ اولمپیک کے کوالفیکیشن رائونڈ کے مقابلوں میں اتارنا تھا جس میں ان کی کارکردگی قابل ستائش رہی۔ آخری دو کوالیفکیشن رائونـڈ کے مقابلوں میں ہانگ کانگ میں ہونے والے ایشین کپ کیڈٹ چیمپین شپ میں کانسی کاتمغہ حاصل کیا تھا جبکہ آخری مکائو کیڈٹ چیمپین شپ چاندی کاتمغہ جیت کر عالمی رینکنگ میں اپنی پوزیشن مستحکم کی۔ مسعود احمد خان نے کہاکہ قیصر خان عالمی رینکنگ 20 ویں پوزیشن پر موجود ہے تاہم مکائو میں ہونے والے ایونٹ میں چاندی کاتمغہ جیت کر ان کی عالمی رینکنگ 12سے 15ویں پوزیشن تک آسکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ قومی کھلاڑی قیصر خان آفریدی نے مجموعی طورپر کوالیفکیشن مقابلوں میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرکے یوتھ اولمپک کے لئے تقریباً کوالیفائی کرلیا ہے تاہم انٹرنیشنل جوڈوفیڈریشن یوتھ اولمپک کے لئے کھلاڑیوں کی حتمی لسٹ یکم اگست کو جاری کرے گی۔