جھڈو (نمائندہ امت) جھڈو میں قرآن پاک کی بے حرمتی پر حالات کشیدہ ہو گئے۔ گاؤں ڈاجھرو موری میں رمیش کولہی نامی شخص درگاہ سخی بلوچ میں قرآن پاک کے اوراق پھاڑ کر مبینہ بے حرمتی کرتے ہوئے پکڑا گیا ۔ موقع پر موجود درگاہ کے سجادہ نشین اور دیگر افراد نے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی جھڈو مجاہد حسین شاہ ، اے ایس آئی امداد آرائیں پولیس نفری کے ہمراہ ڈاجھرو موری پہنچے اور ملزم رمیش کولہی کو پولیس تحویل میں لے لیا ۔مذکورہ افسوسناک واقعہ کے خلاف جھڈو سامارو روڈ پر گھگھ موری کے باشندوں نے احتجاج کیا اور ملزم کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ بعد ازاں درگاہ کے سجادہ نشین عرضی چانڈیو کی مدعیت میں دفعہ 295-Bکے تحت کیس داخل کیا گیا ہے اور جوڈیشل مجسٹریٹ ڈگری کے پاس پیش کرنے کے بعد 14 روزہ جیل ریمانڈ پر ملزم کو ڈسٹرکٹ جیل میرپور خاص کے حوالے کر دیا گیا ہے ۔