بونیر میں عوامی نیشنل پارٹی اور نواز لیگ کا مظاہرہ ناکام
بونیر(نمائندہ امت)عوامی نیشنل پارٹی اور نواز لیگ کے تحت پیر کو بونیر میں ہونے والا احتجاجی مظاہرہ ناکام ہو گیا ۔کارکنوں کی انتہائی کم تعداد کو دیکھ کر اے این پی کے قائدین نے بونیر مردان و بونیرشانگلہ روڈز پر رکاوٹیں کھڑی کر کے ٹریفک کے لئے بند کرا دیں ۔کارکنوں کی کم تعداد کو دیکھ کر پی کے 21 کے امیدوار قیصر ولی خان نے بھی مظاہرین سے خطاب کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی تنظیم کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے کارکن سڑکوں پر نہیں آئے ۔بہت جلد حلقہ کے ہزاروں کارکنوں کو سڑکوں پر لا کر طاقت کا مظاہرہ کریں گے ۔مظاہرین سے اے این پی کے صوبائی سیکریٹری حسین بابک ،ضلعی صدر محمد کریم بابک، ضلعی جنرل سیکریٹری شجاعت علی خان ،این اے9کے امیدوار حاجی رؤف خان ۔پی کے 20 کے امیدوار افسر خان،پی کے 21 کے امیدوار قیصر ولی خان و نواز لیگ کے صدر سرزمین خان نے حالیہ الیکشن کو تاریخ کے بدترین دھاندلی زدہ الیکشن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک مخصوص جماعت کے لئے پولنگ سٹیشن کے اندر اور باہر سرکاری عملہ کام کرتا رہا ۔