اسلام آباد(خبرنگارخصوصی) تحریک لبیک پاکستان نے عام انتخابات کے نتائج مسترد کرتے ہوئے احتجاج کا اعلان کیا ہے اور 6 اگست بروز سوموار داتا دربارتا پنجاب اسمبلی احتجاج مارچ کیا جائیگا اس بات کا فیصلہ تحریک لبیک پاکستان کی مرکزی مجلس شوریٰ کے اہم اجلاس کیا گیا علامہ خادم حسین رضوی کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں تحریک لبیک کے سرپرست اعلی پیر محمد افضل قادری نے خصوصی شرکت کی۔اجلاس میں اراکین شوریٰ پیر ظہیر الحسن شاہ بخاری،محمد وحید نور،پیر قاضی محمود احمد اعوان، مفتی غلام غوث بغدادی انجینئر حفیظ اللہ علوی،مولانا فاروق الحسن قادری،مولانا سید فضل رسول شاہ،مولانا محمد اسلم نقشبندی،مولانا قاری محمد ادریس،پیر سید محمد سرورشاہ سیفی اورمولانا غلام عباس فیضی نے شرکت کی۔اجلاس میں متفقہ طور پر الیکشن نتائج پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہو ئے اسے سلیکشن قرار دیا گیا ہے جبکہ ضمنی الیکشن میں تمام قوی و صوبائی سیٹوں پربھرپور تیاری کےساتھ حصہ لینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے اسکے علاوہ بلدیاتی الیکشن کے لئے تحریک لبیک کےامیدواراورکارکنان کو تیاری کی ہدایت کی گئی ہے ۔قائدین تحریک لبیک کا کہنا ہے کہ ان شاء اللہ بلدیاتی الیکشن میں بھی تحریک لبیک حیران کن نتائج دیتے ہوئے اپنے امیدواروں کو منتخب کروائے گی۔اجلاس میں یوم آزادی کی مناسبت سے گذشتہ سالوں کی طرح اس سال اگست بروز منگل کو ملک بھر میں عظیم الشان لبیک یا رسول اللہ ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ اجلاس میں تحریک لبیک کے تمام کارکنان و محبین اور ووٹرزوسپورٹررزکو خراج تحسین پیش کرتے ہوئےاس عزم کا آغازکیا گیا کہ تحریک لبیک یا رسول اللہ اور اس کا سیاسی ونگ تحریک لبیک پاکستان ان شاء اللہ ان کی امید وں پر پورا اترتے ہوئے ملکی و نظریاتی سرحدوں پر بھر پور پہرہ دیں گے۔ نئی حکومت نے پاکستان کی مذہبی حیثیت ختم کرنے کے لئے پاکستان کوسیکولرا سٹیٹ بنانے کے لئے، ختم نبوت اور ناموس رسالت ، مدارس و مساجد ، خانقاہوں اور شائر اسلام کے خلاف کوئی سازش کی گئی تو تحریک لبیک پاکستان ہر میدان میں اُن کا بھر پور مقابلہ کرتے ہوئے دین شکن اقدامات کی مزاحمت کرے گی۔