میڈیکل بورڈ کی تشکیل نو – ڈاکٹر شجیع سربراہ مقرر
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) سابق وزیر اعظم نواز شریف کے علاج کے لیے قائم پمز ہسپتال کے میڈیکل بورڈ کی تشکیل نو کر دی گئی ۔گزشتہ روز دل کی تکلیف میں مبتلا ہونے کے بعد بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر اعجاز قدیر کو بورڈ سے علیحدہ کر کے ان کی جگہ پمز کے کوارڈینیٹر اور ڈپٹی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ذوالفقار غوری کو بورڈ میں شامل کر دیا گیا دوسری جانب ڈاکٹر اعجاز قدیر کو دل کے دورے کے بعد پیس میکر لگا دیا گیا اور ہسپتال ذرائع کے مطابق اب ان کی طبیعت قدرے بہتر ہےتاہم ڈاکٹر اعجاز قدیر کو سی سی یو میں رکھا گیا ہے جہاں وہ آئندہ تین سے چار روز تک زیر نگرانی رہیں گے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق ڈاکٹر اعجاز قدیر کی جگہ اب ڈاکٹر شجیع احمد صدیقی کو بورڈ کا سربراہ بنایا گیا ہےجبکہ بورڈ کے دیگر اراکین وہی رہیں گے۔ ڈاکٹر شجیع جنرل میڈیسن کے پروفیسر اور پمز کے سنیئر ڈاکٹر ہیں۔ یاد رہے یہ میڈیکل بورڈ نواز شریف کی لاہور ایئرپورٹ سے گرفتاری اور اڈیالہ جیل منتقلی کے بعد ان کے معائنے کے لیے قائم کیا گیا تھا جو اڈیالہ جیل میں جا کر سابق وزیر اعظم کا معائنہ کرتا رہا اور اب بھی نواز شریف اسی میڈیکل بورڈ کی زیر نگرانی پمز ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ نواز شریف کو پمز سے ڈسچارج کیے جانے کے باوجود میڈیکل بورڈ قائم رہے گا اور ضرورت پڑنے پر جیل میں سابق وزیر اعظم کا معائنہ کرنے جائے گا۔