فیس بک پر گستاخانہ مواد ڈالنے کیخلاف گورچانی میں ہڑتال-ملزم گرفتار
میرواہ گورچانی (نمائندہ امت) میرواہ گورچانی میں ہندو نوجوان کی جانب سے فیس بک پر گستاخانہ مواد اپ لوڈ کرنے کے خلاف شٹرڈاو¿ن ہڑتال کی گئی۔ مشتعل افراد نے ٹائر جلا کر شدید نعرے بازی کی، سی آئی اے پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق اندرون سندھ ہندو نوجوان مسلمانوں کو اشتعال دلانے لگے۔2 روز کے دوران اشتعال انگیزی کے 2واقعات پیش آ گئے۔ منگل کو میر واہ گورچانی کی سومرا کالونی کے رہائشی 19سالہ ہندو نوجوان پارا چند نے فیس بک پر گستاخانہ مواد اپ لوڈ کرنے کی خبر ملتے ہی شہری مشتعل ہوگئے اور احتجاجاً شٹرڈاؤن ہڑتال کرکے ڈگری میرپور خاص شاہراہ پر ٹائر جلا کر روڈ بلاک کر دی، اور شدید احتجاج اور نعرے بازی کی۔ شاہراہ بند ہو جانے کے باعث دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ دوسری جانب اطلاع ملتے ہی سی آئی اے پولیس میرپور خاص کے انچارج زاہد حسین لغاری نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ ملزم پارا چند کو گرفتار کر لیا، اور گورچانی تھانے میں ملزم کے خلاف زیر دفعہ A 295کے تحت مقدمہ درج کر لیا، ملزم سے مزید تفتیش شروع کر دی۔