اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) قومی احتساب بیورو(نیب ) نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور مظفرٹپی سمیت اہم شخصیات کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی۔ اورنج ٹرین منصوبے کی تحقیقات بھی شروع کردی گئی ہیں۔چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاویداقبال کی زیرصدارت نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں سابق سیکرٹری وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی فاروق اعوان ،سابق کمپنی سیکریٹری یونیورسل سروس فنڈ سید حسن شیخ کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔نیب ایگزیکٹو بورڈ نے سابق وزیرلوکل گورنمنٹ سندھ اویس مظفرٹپی کے خلاف 4 مختلف کیسز کی انویسٹی گیشنز کی منظوری دی جب کہ ساتھ ہی سابق چیف سیکرٹری سندھ راجہ محمدعباس، سابق سیکرٹری لینڈیوٹیلائزیشن سندھ غلام مصطفی کے خلاف بھی انویسٹی گیشنز کی منظوری دی، ملزمان پراختیارات کا ناجائزہ استعمال کرتے ہوئے ملیر ریور کی سینکڑوں ایکڑ زمین کو غیر قانونی طور پر الاٹ کرنے کاالزام ہے۔نیب ایگزیکٹوبورڈ نے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے افسران، اہلکاروں ،نیسپاک کی انتظامیہ ودیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی، ملزمان پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے لاہور اورنج لائن میٹروٹرین پراجیکٹ میں 4ارب روپے کی بدعنوانی کاالزام ہے۔ سابق ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کراچی منظور قادرکاکا ودیگر کے خلاف بدعنوانی کاریفرنس دائر کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔
٭٭٭٭٭
پشاور/لاہور(نمائندہ امت/مانیٹرنگ ڈیسک) آشیانہ اقبال سکینڈل میں نیب کی تحقیقات کے دوران سابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد نے ملبہ شہبازشریف پرڈال دیا،فواد نے کئی سابق افسران وعہدیداران کےخلاف بھی انکشافات کئے ہیں جن کی روشنی میں نیب کئی افسران و سیاستدانوں کو طلب کر سکتا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق آشیانہ اقبال سکینڈل کی نیب تحقیقات کے دوران کئے گئے انکشافات سے پتہ چلا ہے کہ شہبازشریف اورفوادحسن فواد ٹھیکہ دینے سے متعلق ایک پیج پرنہیں تھے، شہبازشریف کاسا ڈویلپرز اور پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کے حق میں تھے جبکہ فواد حسن فواد اورنج ہولڈنگ کمپنی کو ٹھیکہ دلوانا چاہتے تھے۔ فواد حسن فواد کے مطابق شہبازشریف کے کہنے پر کاسا ڈویلپرز کو ٹھیکہ دیا گیا۔ دریں اثناء نیب نے امیرمقام اور شہبازشریف کو طلب کرلیاہے۔ امیر مقام کو آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میںکل طلب کیا گیا ہے۔ آشیانہ اقبال ہاؤسنگ کیس میں مسلم لیگ (ن) کے صدرشہبازشریف کو نیب لاہورنے 20 اگست کوبلایاہے، پاورکمپنی کیس میں بھی شہبازشریف کو20 اگست کوطلب کررکھا ہے۔ نیب لاہورنے شہبازشریف کی طلبی کا نوٹس ان کی رہائش گاہ پربھجوادیا ہے۔
٭٭٭٭٭